Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریپر کی مسلمانوں کی تدفین کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش

آگ سے ہلاک ہونے والے افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق گیمبیا سے تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریپر کارڈی بی نے برونکس میں لگنے والی آگ میں ہلاک ہونے والے 17 افراد کی تدفین اور جنازے کے اخراجات ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر افراد مسلمان تھے۔
عرب نیوز کے مطابق نو جنوری کو نیو یارک کے علاقے برونکس میں ایک ٹاور پر آگ لگی تھی جس میں ہلاک ہونے والوں کی عمریں دو سے 50 برس تک تھیں۔
نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کا بدھ کو کہنا تھا کہ گریمی ایوارڈ جیتنے والی ریپر کارڈی بی نے نیویارک کی ترقی کے لیے مختص میئر کے فنڈ کے ساتھ اشتراک کر کے برونکس کے متاثرین کے لیے مالی امداد کی پیشکش کی ہے، جہاں ان کا بچپن گزرا ہے۔
آگ لگنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا سے تھا اور ان کے لواحقین کا ارادہ تھا کہ انہیں اپنے آبائی علاقوں میں دفنایا جائے۔
نیویارک کے میئر کے مطابق کارڈی بی نے پیشکش کی ہے کہ وہ متاثرین کی لاشوں کو گیمبیا بھجوائیں گی۔

نو جنوری کو نیو یارک کے علاقے برونکس میں ایک ٹاور پر آگ لگی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے ایک بیان میں کارڈی بی کا کہنا تھا کہ ’مجھے بہت فخر ہے کہ میرا تعلق برونکس سے ہے اور میرے خاندان کے بہت سے افراد اور دوست اب بھی وہاں رہتے اور کام  کرتے ہیں۔ تو جب میں نے آگ لگنے اور متاثرین کے بارے میں سنا مجھے معلوم تھا کہ مجھے ان کی مدد کے لیے کچھ کرنا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں متاثرین کے لواحقین کی تکلیف کا تصور بھی نہیں کر سکتی لیکن مجھے امید ہے کہ اگر انہیں تدفین کے اخراجات کی فکر نہیں ہوگی تو انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔‘

شیئر: