Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں مسافر فیری میں آگ بھڑکنے سے 37 افراد ہلاک

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ’کچھ افراد دریا میں چھلانگ لگانے کے بعد اپنی جانیں گنوا بیٹھے‘(فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش میں ایک مسافر فیری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح جھالوکاٹی ضلع کے جنوبی دیہی علاقے میں پیش آیا جو دارالحکومت ڈھاکہ سے 250 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔
مقامی پولیس چیف معین الاسلام کا کہنا ہے کہ ’تین منزلہ اوبھیجن 10 نے آگ پکڑ لی۔ ہم نے 32 لاشیں نکال لی ہیں۔ زیادہ تر افراد آگ کی وجہ سے ہلاک ہوئے جبکہ کچھ دریا میں چھلانگ لگانے کے بعد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے جلنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے 100 افراد کو باریسل کے ہسپتالوں میں بھیجا ہے۔‘
معین الاسلام کے مطابق آگ انجن روم میں لگی جس نے فیری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
پاکستان کا اظہار تعزیت
پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعے کو  پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے ضلع جھلکاٹھی میں فیری حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غمزدہ ہیں۔‘

بنگلہ دیش میں حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

’سوگوار خاندانوں اور بنگلہ دیش کی حکومت سے ہماری گہری تعزیت۔ غم کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں بنگلہ دیش کے برادر عوام کے ساتھ ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کشتیوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں اور بنگلہ دیش میں ماہرین حفاظت کے غیر معیاری انتظامات، بحری جہازوں کی ناقص دیکھ بھال اور ان میں مسافروں کی زیادہ بھیڑ کو ان حادثات کی وجہ قرار دیتے ہیں۔
بحری جہازوں اور کشتیوں کے علاوہ بھی بنگلہ دیش میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
جولائی میں ڈھاکہ کے مضافاتی صنعتی علاقے روپ گنج میں قائم فیکٹری میں آگ لگنے سے 52 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
فروری 2019 میں ڈھاکہ کے ان اپارٹمنٹس میں آتشزدگی سے 70 افراد ہلاک ہوگئے تھے جسے کیمائی گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

شیئر: