Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل سیون کا ترانہ سن کر علی ظفر کی یاد ستانے لگی

پی ایس ایل سیون کا آغاز 27 جنوری سے ہو رہا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کا آفیشل ترانہ ریلیز ہوا تو شائقین کرکٹ کی جانب سے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے آفیشل ہینڈل کی جانب سے آفیشل ترانے کی ویڈیو کو سوشل پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا تو اسے دیکھنے اور سننے والوں کی بڑی تعداد کہیں اسے سراہتی اور کہیں مایوسی کا اظہار کرتی دکھائی دی۔
ریلیز کیے جانے کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 50 ہزار سے زائد لائکس اور کمنٹس کے ساتھ پی ایس ایل 2022 کے ترانے کو 10 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔
عاطف اسلم، عبداللہ صدیقی اور آئمہ بیگ کی پرفارمنس کو منفرد قرار دیتے ہوئے اس پر تبصرہ کرنے والوں کا موقف تھا کہ ’عاطف کو ریپر کے طور پر اور آئمہ کو ڈانسر کی حیثیت میں کم کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔‘
سوشل پلیٹ فارمز پر جہاں مختلف شائقین نے ’آگے دیکھ‘ کو پیش کرنے والے عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کو سراہا تو امید ظاہر کی کہ اسے سٹیڈیم میں سننا اور دیکھنا زیادہ اچھا لگے گا۔

حسنات احمد نے یوٹیوب پر اپنے تبصرے میں لکھا ’میں اسے بار بار سن رہا ہوں۔ یہ گانا ماضی کے تمام ترانوں سے زیادہ انرجی رکھتا ہے۔‘

جن ٹویپس کو نیا ترانہ اور اس کا انداز پسند نہ آیا وہ ماضی کے پی ایس ایل ترانوں کو یاد کرتے رہے۔

پی ایس ایل سیون کا نیا ترانہ اچھا ہے یا اچھا نہیں ہے؟ کی بحث کے دوران یہ سوال بھی کیا گیا کہ ہر بار نیا ترانہ کیوں؟

میاں حامد نامی ٹویپ نے سوال کیا کہ ’ہر برس نیا ترانہ متعارف کرانے کی کیا ضرورت ہے‘۔
پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی کچھ ٹویپس کو علی ظفر کی یاد آئی تو انہیں مینشن کر کے ’بھائی حاضر ہو‘ کی خواہش ظاہر کی گئی۔

پی ایس ایل سکس کا ترانہ ’گروو‘ آئمہ بیگ اور نصیبو لال نے گایا تھا۔ جس کے بعد علی ظفر نے اپنے طور پر متبادل ترانہ بھی پیش کیا تھا۔
عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کو مخاطب کرتے ہوئے مہوش اعجاز نے لکھا ’دونوں اچھے گلوکار ہیں مگر۔۔۔۔۔ پی ایس ایل ترانے کا معاملہ علی ظفر کے سپرد ہی کر دیں۔‘

نئے ترانے پر علی ظفر کو یاد کرنے والے شائقین کے تبصروں سے جہاں بہتر سوں نے اتفاق کیا وہیں ان کے موقف کو نہ ماننے والوں کی بھی خاصی تعداد گفتگو کا حصہ رہی۔

ایسے ہی ایک صارف نے لکھا ’یہ ٹھیک ہے، ہمیں اب آگے بھی دیکھنا چاہیے، عاطف نے اچھا کام کیا ہے۔ افسردہ ردعمل دینے کے بجائے اس سے محظوظ ہوں۔
آفیشل ترانہ ہی ٹھیک ہے یا علی ظفر کو ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر کوشش کرنی چاہیے، کی بحث کا سلسلہ اتنا بڑھا کہ ٹوئٹر ٹرینڈز پینل میں ’پی ایس ایل اینتھم‘ اور ’علی ظفر‘ دونوں ساتھ ساتھ ٹرینڈز کرتے رہے۔
گزشتہ چند روز کے دوران پی ایس ایل سیون میں شامل مختلف فرنچائزز کی جانب سے بھی اپنے آفیشل ترانے ریلیز کیے گئے ہیں۔

شیئر: