Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ائیر پورٹ پر غیر ملکیوں کو عارضی ویزا نہیں ملے گا،چوہدری نثار

  مرکزی ویزا ڈیٹا بیس سے ریاستی اداروں کو پاکستان آنے والوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی
اسلام آباد( کشور طاہر) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے غیرملکیوں کو عبوری قیام کے لئے ہوائی اڈوں پر ویزا اجرا پر پابندی لگا دی۔ لینڈنگ پرمٹس کی آڑ میں پاکستان آمد پر غیرملکیوں کو ویزا نہیں ملے گا۔ جن ملکوں میں پاکستانیوں کو ایئر پورٹس پرویزا کی سہولت ملے گی صرف ان ملکوں کے باشندوں کو لینڈنگ پرمٹ جاری ہوگا۔ 2007 میںا یئرپورٹس پر 34 ہزار غیر ملکیوں کو پاکستانی ویزا جاری کیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزارت اور منسلکہ محکموں میں قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فرائض بجا آوری میں کوتاہی یا عوام کے مسائل حل کرنے میں غفلت برتنے کا سخت نوٹس لیا جائے گا ۔ پیر کو وزیر داخلہ نے اجلاس کی صدارت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ویزوں کے اجراءاور امیگریشن کے شعبوں میں بہت بہتری آئی ہے لیکن سسٹم کو بہتر بنانے اور اس میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لینڈنگ پرمٹس کی آڑ میں پاکستان آمد پر ویزوں کا اجراءفوری طور پر روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے سنگین بے ضابطگیاں ہو سکتی ہی۔ انہوں نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ آن لائن ویزوں کا نظام متعارف کرانے کے علاوہ ویزوں کے اجراءکے قواعد پر نظرثانی کی جائے اور انہیں بہتر بنایا جائے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ویزا درخواستوں کی آن لائن وصولی کے نظام سے ویزوں کے اجراءمیں کسی بھی بے قاعدگی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی ویزا ڈیٹا بیس ضروری ہے کیونکہ اس سے پاکستان کے ریاستی اداروں کو کسی بھی کیٹگری کے ویزا پر پاکستان آنے والوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ پاکستانی ویزا کے بغیر مسافروں کو لانے والی غیر ملکی ایئر لائنز کو 9 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ۔ ایسے سیکڑوں مسافروں کو ان ایئر لائنز کے ذریعے واپس بھی بھجوایا گیا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثارنے کہا کہ سوشل میڈیا پر دہشت گردی سے متعلقہ اور گستاخانہ مواد پاکستان کیلئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باہر سے اس طرح کی سرگرمی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ممالک سے قانونی مدد حاصل کی جائے گی۔

شیئر: