Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 وکٹوں سے کامیاب

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں شکست ہوئی ہے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی کے لیے گراؤنڈ میں اترنے والی دونوں ٹیموں کے میچ کا نتیجہ آنے کے بعد اب کراچی کنگز ایسی ٹیم بنی ہے جسے اپنے دونوں ابتدائی مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سنیچر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اپنے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز سے شکست کھانے والی کراچی کنگز کی ٹیم خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور 113 رنز تک محدود رہی۔
جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 15.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اوپنر ول سمیڈ 35 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد محمد عمران کا شکار بنے۔
بین ڈکٹ اور احسن علی کے درمیان دوسرا رنز لینے کے دوران پیدا ہونے والی کنفیوژن دوسری وکٹ کے نقصان کی وجہ بنی تو گلیڈی ایٹرز کا مجموعی سکور 85 تھا۔
اس موقع پر اوپنر احسن علی نے 42 گیندیں کھیل کر اپنی ففٹی مکمل کی جس میں سات چوکے شامل تھے۔

سنیچر کو ہونے والے میچ کے درمیان تماشائیوں کی محدود تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی (فوٹو: پی ایس ایل)

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولر نسیم شاہ کی پانچ وکٹوں کی بدولت کراچی کنگز کی پوری ٹیم 17.3 اوورز میں 113 رنز تک محدود رہی اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 114 رنز کا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کو پہلا نقصان اوپنر بلے باز شرجیل خان کا ہوا جو نو گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
محض دو گیندیں کھیل کر جوکلارک بھی سہیل تنویر کا شکار بنے تو ٹیم کا مجموعی سکور 18 تھا۔
کنگز کے تیسرے بلے باز ٹام لیمنبائی ٹیم کے سکور میں صرف تین رنز کا اضافہ کر کے نسیم شاہ کی گیند پر افتخار احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے محمد نبی کو وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
لیوس گریگوری نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے تو یہ کنگز کا پانچواں نقصان تھا۔ اس موقع پر ٹیم کا مجموعی سکور ساتویں اوور میں محض 34 رنز تھا۔
اننگز کے دسویں اوور میں 46 کے مجموعی سکور پر محمد طہ نو گیندوں پر چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو یہ ٹیم کو چھٹا نقصان تھا۔ ان کی وکٹ محمد نواز کے حصے میں آئی۔
ایک اینڈ پر موجود رہ کر وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا منظر دیکھنے والے کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم 32 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ تھما بیٹھے۔
عامر یامین کی صورت کراچی کنگز کو آٹھویں وکٹ کا نقصان ہوا، وہ تیز رنز بنانے کی کوشش میں 10 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی سکور 81 تھا۔

نسیم شاہ نے 20 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: پی ایس ایل)

محمد الیاس سات رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے تو یہ نسیم شاہ کی چوتھی وکٹ تھی۔ اس مرحلے پر ٹیم کا مجموعی سکور 95 رنز رہا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں ایک ایک میچ کھیلا ہے تاہم انہیں کوئی کامیابی نہیں مل سکی تھی۔
کراچی کنگز نے پہلا میچ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کے خلاف کھیلا تھا تاہم پہلے میچ کا ٹاس ہارنے والے بابراعظم محمد رضوان کی ٹیم سے میچ نہیں جیت سکے تھے۔
کچھ ایسا ہی معاملہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ رہا، جس نے پہلا میچ پشاور زلمی کے خلاف کھیلا اور ٹاس ہارنے کے بعد عمدہ ہدف دینے کے باوجود میچ میں کامیابی حاصل نہ کر سکے تھے۔

شیئر: