Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ موخر کر دیا

پاکستان میں پیٹرول اس وقت 147.83 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کو فی الحال موخر کر دیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’وزیراعظم نے پیٹرول 11 روپے اور ڈیزل 14 روپے بڑھانے کی سمری کو منظور نہیں کیا۔‘
شہباز گل نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستانی عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس لیے وزیراعظم نے اس سمری کو ڈیفر (مؤقف) کر دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس وقت کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ ’عوام کو ریلیف پہنچانے کی غرض سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ’ضرورت پڑنے پر سیلز ٹیکس کو ایڈجسٹ کر کے حالیہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے گا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سال 2014 کے بعد سے اب تک بلند ترین سطح پر ہیں۔
عالمی منڈی میں گذشتہ ماہ تیل کی قیمتوں میں 14.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
فنانس ڈویژن کے بیان کے مطابق ’بجٹ میں طے شدہ اہداف کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات پر موجودہ سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی بہت کم عائد کی گئی ہے۔ حکومت کو دو ہفتوں میں آمدنی پر 30 ارب روپے جبکہ سالانہ 260 ارب کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔‘
واضح رہے پاکستان میں پیٹرول اس وقت 147.83 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 144.62 فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

شیئر: