Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں جمعرات سے اتوار تک کہیں بارش، کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق سردی ایک بار پھر بڑھے گی( فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ جمعرات سے اتوار تک مملکت کے بیشتر علاقوں کا موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے‘۔
درجہ حرارت  منفی ہوگا۔ گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’جمعرات سے سنیچر تک الجوف، حدود شمالیہ، تبوک، حائل، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ علاقوں میں دن کے وقت تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے‘۔
الشرقیہ، القصیم، ریاض اور نجران تک تیز ہواؤں کا سلسلہ پھیل جائے گا۔ تمام علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر انتہائی حد تک محدود ہوجائے گی۔ 
قومی مرکز نے بتایا کہ ’جمعرات اور جمعے کو تبوک، مدینہ منورہ، الجوف، حدود شمالیہ اور حائل میں بارش کا امکان ہے‘۔
عسیر، جازان، باحہ اور مکہ مکرمہ ریجنوں کے بالائی مقامات بارش کی زد میں ہوں گے۔ ساحلی مقامات، القصیم، ریاض اور الشرقیہ میں محدود مقامات پر بارش کا سلسلہ رہے گا۔ 
بیان میں قومی مرکز نے کہا کہ ’تبوک کے اللوز اور علقان پہاڑی علاقے میں برفباری کا امکان ہے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے مکہ مکرمہ کے ساحلی مقامات پر لہریں ڈھائی میٹر سے زیادہ اونچی اٹھیں گی۔ جمعے سے اتوار تک رابغ، جدہ، اللیث اور القنفذہ کے ساحل متاثر رہیں گے‘۔ 
قومی مرکز کے مطابق’ سردی ایک بار پھر بڑھے گی۔ سنیچر اور اتوار کو تبوک، حدود شمالیہ، الجوف، حائل کے علاوہ مدینہ منورہ کے شمالی مقامات پر برفانی ماحول ہوگا۔ کم از کم درجہ حرارت منفی سینٹی گریڈ سے لے کر نقطہ انجماد سے 6 ڈگری نیچے تک چلا جائے گا‘۔ 

شیئر: