Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کی ہدایت پر آسٹریلیا سے سعودی بچے کی مملکت منتقلی

سعودی سفیر سے رابطہ کرکے تعاون کی درخواست کی گئی۔ (فوٹو الاخباریہ)
ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی بچے یزن کو آسٹریلیا سے مملکت منتقل کردیا گیا۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یزن بن عبدالعزیزبن یوسف المنتشری کے دادا یوسف المنتشری نے بتایا کہ یزن اپنے والدین کے ہمراہ آسٹریلیا میں سکونت پذیر تھا۔ اس کے والد عبدالعزیز، ام القری یونیورسٹی کی طرف سے پی ایچ ڈی کے لیے گئے ہوئے ہیں۔
المنتشری نے بتایا کہ بچے کی طبعیت ناساز ہوگئی تھی۔ گھر میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم بچہ بے ہوش ہوگیا تو اسے ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا وہاں اسے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کیا گیا۔ طبی معائنوں کے بعد آسٹریلیا کے ڈاکٹروں نے اس کے علاج سے ہاتھ اٹھالیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی دماغی موت واقع ہوگئی ہے۔
المنتشری نے بتایا کہ یزن کی یہ حالت دیکھ کر اس کے والد عبدالعزیز نے سعودی سفیر سے رابطہ کرکے تعاون کی درخواست کی۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اطلاع ملتے ہی فضائی ایمبولینس کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر یزن کو سڈنی سے جدہ لانے  کے احکام صادر کردیے۔ آج جمعرات کی  صبح فضائی ایمبولینس جدہ پہنچ گئی اور اب بچے کا علاج یونیورسٹی کے ہسپتال میں کیا جارہا ہے۔
المنتشری نے کہا کہ وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے ممنون ہیں کہ ہماری قیادت مجبوری کے عالم میں سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کا ہمیشہ خیال رکھتی ہے۔ ان کا یہ احسان ناقابل فراموش ہے۔ بچے کو بچانے کے لیے باپ کی اپیل پر فوری احکام صادر کرکے قیادت نے ہمارے دل جیت لیے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: