Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیلیفورنیا میں بس پر فائرنگ سے ایک ہلاک، ملزم ’برہنہ‘ حالت میں گرفتار

حکام کے مطابق حملہ آورکم عمری میں مجرمانہ ریکارڈ رکھتا ہے۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوروویل میں ایک ایسے شخص کو ’برہنہ‘ حالت میں گرفتار کیا گیا ہے جس نے بس پر فائرنگ کی، واقعے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے بیوٹ کاؤنٹی کے شیرف کوری ہونیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کو 21 سالہ اساہدی کولمین نے اس وقت لاس اینجلس جانے والی بس پر فائرنگ شروع کر دی جب وہ ایک سٹور پر رکی اور مسافر باہر نکل رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایک ہولناک واقعہ ہے، پولیس کو ساڑھے سات بجے 911 پر کال موصول ہوئی کہ اوروویل کے ایک سٹور کے باہر ایک شخص بس پر فائرنگ کر رہا ہے۔ جس پر پولیس حرکت میں آئی۔‘
بس سے درجن بھر نائن ایم ایم کے خول برآمد ہوئے جبکہ حملہ آور سے ہتھیار بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
شیرف ہونیا کا مزید کہنا تھا کہ گولیاں چلانے سے قبل کولمین بس پر چڑھا اور مسافروں کو یہ کہتے ہوئے ہتھیار دکھایا کہ لاس اینجلس ایک خطرناک شہر ہے، وہ یکدم غصے میں آیا اور بس میں سوار ایک مسافر کو خفیہ ادارے کا اہلکار قرار دیا۔
گولیاں چلانے کے بعد کولمین وہاں سے فرار ہو گیا اور نصف میل دور جا کے ایک شخص کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا، لوگوں نے چھڑایا تو اس نے کپڑے اتارنا شروع کر دیے، تاہم تھوڑی دیر بعد ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس کو برہنہ حالت میں گرفتار کیا گیا۔

حکام کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے (فوٹو: اے پی)

توقع ہے کہ اس کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
شیرف کا کہنا تھا کہ ’واقعے میں 32 سالہ مسافر کو کئی گولیاں لگیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک حاملہ خاتون بھی شدید زخمی ہیں، اسی طرح ایک 11 سالہ بچی بھی زخمی ہوئی جس کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ ایک 38 سالہ خاتون معمولی زخمی ہوئیں۔‘
بیوٹ کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ڈیوڈ رمسی کا کہنا ہے کہ حملہ آور کولمین کم عمری میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا ریکارڈ رکھتا ہے جبکہ غیرقانونی اسلحہ رکھنے پر بھی وہ پولیس کو مطلوب تھا۔
ریکارڈ کے مطابق کولمین کے کاغذات میں ساکرامنٹو کے ایک اپارٹمنٹ کا پتہ درج ہے۔
 فائرنگ کا یہ واقعہ اس واقعے کے دو سال بعد پیش آیا ہے جس میں ایک شخص نے سان فرانسسکو جانے والی ایک بس پر فائرنگ کی تھی، جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے تھے،
33 سالہ انتھنی ڈیوونٹ کو گرفتار کر لیا گیا تھا جس پر قتل اور اقدام قتل کی دفعات لگائی گئیں۔

شیئر: