Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے افریقہ کے 12 ممنوعہ ممالک کے سفر پر پابندی ختم کردی

اتوار 6 فروری سے اماراتی شہری ان ممالک کا سفر کرسکتے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات نے افریقہ کے 12 ممنوعہ ملکوں کے لیے اپنے شہریوں کو سفر کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق امارات کے محکمہ شہری ہوابازی اور قدرتی آفات و ہنگامی حالات کو کنٹرول کرنے والے قومی ادارے نے جمعے کو بیان میں کہا ہے کہ ’12 افریقی ممالک کے سفر پر پابندی ختم کردی گئی ہے۔‘
قومی ادارے نے بیان میں مزید کہا کہ ’اتوار 6 فروری شام چھ بجے سے ایسے تمام اماراتی شہری ان ممالک کا اب سفر کرسکتے ہیں جو کورونا ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں لگوا چکے ہوں اور مقررہ قومی پروگرام کے مطابق بوسٹر ڈوز بھی لگوا چکے ہوں۔‘
’وہ شہری جنہوں نے ویکسین نہ لگوائی ہو اور وہ ویکسین سے مستثنی زمروں میں شامل ہوں‘۔
علاوہ ازیں علاج اور انسانی حالات کے تحت بھی اماراتی شہریوں کو  ان ممالک کے سفر کی اجازت ہوگی۔ 
جن بارہ افریقی ممالک کے سفر پر پابندی ختم کی گئی ہے ان میں کینیا، تنزانیہ، ایتھوپیا، نائجیریا، جمہوریہ کانگو، جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، استونیہ، لیسوتو، موزمبیق، نمیبیا اور زمبابوے شامل ہیں۔
اس سے قبل امارات نے کہا تھا کہ 12 افریقی ممالک سے مقامی اور بین الاقوامی ایئرلائنز کے ذریعے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے سفری سہولیات کا دوبارہ آغاز کیا جا رہا ہے۔

شیئر: