Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں نو فروری سے نئی سفری پابندیاں کیا ہیں؟

سعودی وزارت داخلہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ سعودیوں کو مملکت سے باہر جانے کے لیے بوسٹر ڈوز لگوانا ہوگی۔ اس کے بغیر مملکت سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ مملکت آنے والے تمام افراد کو سفر سے 48 گھنٹے کے اندر لیے گئے ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد 9 فروری  2022 بدھ ایک بجے سے شروع کردیا جائے  گا۔
عاجل، سبق، العربیہ اور اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ نے تاکید کی ہے کہ بیرون مملکت سفر کے خواہشمند سعودیوں کو بوسٹر ڈوز لازمی کردی گئی ہے۔ دوسری ڈوز پر تین ماہ گزرنے پر بوسٹر ڈوز لینا ہوگی۔ اس کے بغیر مملکت سے باہر نہیں جاسکتے۔
وزارت داخلہ نے توجہ دلائی کہ اس پابندی سے سولہ برس سے کم عمر کے شہری اور توکلنا ایپ کے ریکارڈ کے مطابق مستثنی زمرے خارج ہوں گے۔

ٹیسٹ سے  8 برس سے کم عمر بچے مستثنی ہیں۔ (فوٹو العربیہ)

وزارت داخلہ نے توجہ دلائی ہے کہ مملکت آنے والے  تمام افراد کو وہ سعودی ہوں، غیرملکی ہوں یا ویکسین یافتہ ہوں منظور شدہ پی سی آر ٹیسٹ نیگیٹو رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مملکت روانگی سے قبل یا آمد کے 48 گھنٹے کے اندر پی سی آر، (COVID-19 Antigen Test)نیگیٹیو  ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ اس سے 8 برس سے کم عمر کے بچے مستثنی ہوں گے۔ اس سلسلے  میں بچوں کے کورونا ٹیسٹ سے متعلق ان ممالک کے قوانین کو مد نظر رکھا جائے  گا جہاں سے سفر کیا گیا ہو۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ایسے سعودی شہریوں کو جن کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آگئی ہو انہیں مندرجہ ذیل  مدت  گزرنے پر مملکت سفر یا مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی اور ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ نہیں ہوگا۔
کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی پوزیٹو رپورٹ پر سات روز گزر چکے ہوں اور مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی خوراکیں لے چکا ہو۔
کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی پوزیٹیو رپورٹ پر دس روز گزر چکے ہوں اور اس نے مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی تمام خوراکیں نہ لی ہوں۔
وزارت داخلہ نے تاکید کی ہے کہ ان پابندیوں پر عمل  درآمد 9 فروری 2022 کو رات ایک بجے سے ہوگا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: