Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات، عمان اور مصر کی 7 افریقی ممالک کے مسافروں پر پابندی

جنوبی افریقہ، لیسوتھو، بوٹسوانا، زمبابوے، موزمبیق، نمیبیا اور اسواتینی کے مسافروں پر پابندی عائد کی جارہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات، عمان اور مصر نے دیگر کئی ممالک کی طرح کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سات افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 28 نومبر سے براعظم افریقہ کے ممالک جنوبی افریقہ، لیسوتھو، بوٹسوانا، زمبابوے، موزمبیق، نمیبیا اور اسواتینی کے مسافروں پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔
متحدہ عرب امارات، عمان اور مصر ان ممالک سے بالواسطہ یا ٹرانزٹ کے ذریعے آنے والے مسافروں کے حوالے سے نئے اقدامات متعارف کرانے جارہے ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب نے جمعے کے روز کورونا وائرس کی نئی قسم کے باعث جنوبی افریقہ سمیت سات افریقی ملکوں سے پروازوں کی آمدورفت معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی وزارت داخلہ کا بیان میں کہنا تھا کہ ’جنوبی افریقہ،نمبیا، زمبابوے، موزمبیق، بوٹسوانا، اسواتینی اور لیسوتھو سے پروازیں سعودی عرب آسکیں گی اور نہ ان ممالک کے لیے کوئی پرواز روانہ ہوگی۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یورپی یونین، برطانیہ اور انڈیا نے بھی کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سخت سرحدی کنٹرول کا اعلان کیا ہے۔
برطانیہ نے جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک سے پروازوں پر پابندی لگا دی ہے اور وہاں سے واپس آنے والے برطانوی مسافروں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
کورونا کی نئی قسم اومیکرون کا سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں انکشاف ہوا اور اس کے بعد یہ وائرس بیلجیئم، بوٹسوانا، اسرائیل اور ہانگ کانگ میں بھی پایا گیا ہے۔

شیئر: