Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت افرادی قوت کی ’ تنخواہوں کی وصولی یقینی بناؤ‘ مہم کیا ہے؟

ادارے مختلف حوالوں سے مہم کی اہمیت کو اجاگر کریں گے(فوٹو سیدتی)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اورجنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس نے ’تنخواہوں کی وصولی یقینی بناؤ‘ کے نام سے مہم شروع کی ہے۔
سیدتی کے مطابق اس مہم میں قومی کمیٹی برائے انسداد کاروباری پردہ داری تعاون دے گی جبکہ متعدد متعلقہ ادارے مہم میں شریک ہوں گے۔
مہم میں شریک ادارے مختلف حوالوں سے مہم کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ ان میں لیبر مارکیٹ کی استعداد بڑھانا، آجر اور اجیر تمام فریقوں کے حقوق کا تحفظ، نقدی پر انحصار کم سے کم کرنا،انسانی سمگلنگ اورسعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کا انسداد شامل ہیں۔
 پروگرام کے اہداف کیا ہیں؟ 
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود چاہتی ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمت دینے اور کرنے والے فریقوں کے حقوق محفوظ ہوں۔ نجی ادارے مقررہ وقت پر طے شدہ تنخواہ پابندی سے ادا کریں۔ اس سے لیبر مارکیٹ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور ملازمین کا پیداواری ریکارڈ بڑھے گا۔ 
جنرل آرگنائزیشن فار سوشل انشورنس کے معاون گورنر اور ’مدد‘ ادارے کے  چیئرمین انجینیئر احمد العمران نے کہا کہ ’ سوشل انشورنس میں رجسٹرڈ محنتانوں کے اعدادوشمار کو بنیاد بنا کر اس بات کی تصدیق کی جاسکے گی کہ متعلقہ ادارہ ملازمت کے معاہدے میں درج کارکنان کی تنخواہیں ادا کررہا ہے یا نہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’مہم کا مقصد یہ بھی ہے کہ سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کا انسداد کیا جائے۔ یہ پتا چلایا جائے کہ کس کا کاروبار اپنا ہے اور کون کسی اور کے نام سے اپنا کاروبار کررہا ہے‘۔ 
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے محنتانہ تحفظ پروگرام جاری کیا تھا۔ ’مدد‘ پلیٹ فارم کے ذریعے اس کا نیا ایڈیشن جاری کیا گیاہے تاکہ نجی ادارے پروگرام کے تقاضے پورے کریں۔ 

شیئر: