عازمین حج کے لیے ذاتی استعمال کی ادویات لانے کے ضوابط جاری
عازمین حج کے لیے ذاتی استعمال کی ادویات لانے کے ضوابط جاری
منگل 5 مئی 2026 19:18
عازمین کے لیے ڈاکٹری نسخہ اور میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ضروری ہے (فوٹو، ایکس اکاؤنٹ)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے حج و عمرہ زائرین کے لیے ذاتی طور پر استعمال کی جانے والی ادویات کے لیے این اوسی حاصل کرنے کے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) کا کہنا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج و عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے وہ ادویات جو ان کے ذاتی استعمال کے لیے ہوتی ہیں انہیں اپنے ہمراہ لانے کے لیے متعلقہ ادارے سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہے۔
این او سی حاصل کرنے کے لیے اتھارٹی کی ویب سائٹ پر مسافر کے لیے لازمی ہے کہ اپنا اکاؤنٹ رجسٹر کریں بعدازاں ادویات کے بارے میں مکمل ومطلوبہ معلومات فراہم کریں۔
ایس ایف ڈی اے کی جانب سے ادویات کی کلیئرنس کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ درخواست گزار جو اپنے ہمراہ ذاتی استعمال کی ادویات لاتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی فوٹو، میڈیکل رپورٹ، ادویات کے حوالے سے ڈاکٹری نسخہ (6 ماہ سے زائد مدت کی نہ ہوں) کے علاوہ زیر استعمال رہنے والی ادویات کے پیکٹ اور دوائی کی پیکنگ جس پر اس کا نام واضح طور پر درج ہو کی صاف فوٹو اتار کر انہیں اتھارٹی کے پورٹل پر متعلقہ رجسٹریشن فارم کے ہمراہ اپ لوڈ کریں۔
لائی جانے والی ادویات مملکت میں قیام کی مدت کے مساوی ہوں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹری نسخے کے مطابق لائی جانے والی ادویات کی مقدار 30 دن یا مملکت میں قیام کی مدت کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
عازمین حج یا عمرہ زائرین اپنے ہمراہ لائی جانے والی ادویات کو ایس ایف ڈی اے کی ویب سائٹ پر موجود ’کنٹرولڈ ڈرگس سسٹم‘ (سی ڈی ایس) براؤز پر اپنا اکاونٹ بنانے کے بعد وہاں تمام معلومات اپ لوڈ کریں جس کے بعد انہیں این او سی جاری کیا جائے گا۔