مملکت کی جانب سے خرطوم ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی مذمت
امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے موقف کا اعادہ کیا گیا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی وزارتِ خارجہ نے مملکت کی جانب سے خرطوم ایئرپورٹ کے احاطے میں ایک مقام کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری بیان میں سعودی عرب ، سوڈان کے اتحاد، اس کے عوام، ان کے وسائل، جائز قانونی اداروں کے امن و استحکام کے تحفظ کے حوالے سے موقف کا اعادہ کیا گیا، اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شہری تنصیبات اور اہم بنیادی ڈھانچے کو تنازعے سے دور رکھا جائے۔
مملکت نے تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور 11 مئی 2023 کو ہونے والے جدہ اعلامیے میں کیے گئے وعدوں اور اتفاق کا احترام کرنے کا بھی مطالبہ کیا، جن میں شہریوں ، سول تنصیبات اور بین الاقوامی انسانی قانون کا تحفظ شامل ہے۔
مملکت نے سوڈان کے ہمسایہ ممالک پر زور دیا کہ وہ سوڈان کی خود مختاری اور آزادی کا احترام کریں اور اپنی سرزمین کو ان حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔
یاد رہے سوڈان کے فضائی دفاعی نظام نے پیر کو ایک ڈرون اس وقت مار گرایا جب یہ جنوب سے دارالحکومت کے مرکزی ایئرپورٹ کے قریب پہنچا، اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔