Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور عرب ممالک کی ابہا ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی مذمت

عرب پارلیمنٹ، مصراوراردن کی جانب سے بھی حملے کی بھرپورمذمت کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
 پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حوثی دہشت گرد سعودی عرب پر حملے فوری طور پر بند کریں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے پرحوثیوں کی جانب سے ڈرون حملے کی  پاکستان سمیت عرب ممالک نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرحوثیوں کے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ ہے۔
ایس پی اے اے اور العربیہ نیٹ کے مطابق بحرینی دفترخارجہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گردانہ، مجرمانہ عمل اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بحرین نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے کے امن و استحکام کو تہہ و بالا کرنے والی ان سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردارادا کرے۔ 
عرب پارلیمنٹ نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بارود بردار ڈرو ن سے حوثیوں کے حملے  کی مذمت کردی۔ پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ تخریب کاری ہے۔ اس سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی۔ اس سے پورے خطے کے امن و استحکام کو الٹ پلٹ کرنا ہے۔ عالمی برادری حوثیوں کے دہشت گردانہ جرائم اور بین الاقوامی قانون نیز بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر ان کا فوری احتساب کرے اور ان کے خلاف اقدامات کرے۔ عرب پارلیمنٹ نے زور دے کر کہا کہ ابہا ایئرپورٹ پر حملہ مکمل جنگی جرم ہے۔ یہ توانائی پیدا کرنے والے اداروں کے بنیادی ڈھانچے، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور آبادی کو نشانہ بنانے والے دہشت گردانہ حملوں کا ایکسٹیشن ہے۔ 
مصری دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل حملے قابل مذمت ہیں۔ مصر ایک بار پھر ان حملوں کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے۔ یہ سعودی عرب کے امن و استحکام کے خلاف کھلا خطرہ اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ 
مصری دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ حملے فضائی نقل و حمل اور شہریوں کی سلامتی کو سبوتاژ کررہے ہیں۔ 
مصر نے ایک بار پھر سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے امن و استحکام کے تحظ کے لیے جو اقدام کرے گا مصر کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا۔ 
اردن نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ اور دہشت گردانہ عمل ہے۔ اردنی دفتر خارجہ کے ترجمان ھیثم ابو الفول نے کہا کہ اردن سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

شیئر: