Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مخالف کو گلے لگانے کی پیشکش: ’رضوان ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے‘

لاہور قلندرز کے ہاتھوں ملتان سلطانز کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہوئی ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
کرکٹ کے میدان میں مخالف کھلاڑیوں کا ایک دوسرے کے لیے اپنایا گیا رویہ عموما جذباتی ردعمل پر مشتمل ہوتا ہے لیکن کچھ کھلاڑی خلاف معمول انداز اپنا کر باقیوں سے منفرد رہتے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان، اسلام آباد یونائیٹد کے شاداب خان، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد اس مرتبہ اپنے کھیل کے ساتھ ساتھ اپنے رویے کی وجہ سے بھی گفتگو کا موضوع ہیں۔
ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچ میں ایک موقع پر محمد رضوان نے بولنگ کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کے ردعمل کے جواب میں انہیں مسکراتے ہوئے دیکھا اور پھر ہاتھ پھیلا کو نہ صرف انہیں گلے لگانے کی پیشکش کی بلکہ فرضی طور پر ایسا کر کے دکھایا بھی تو یہ انداز دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر گیا۔
ٹوئٹر اور فیس بک پر محمد رضوان اور شاہین آفریدی کے درمیان پیش آنے والے اس واقعہ پر گفتگو کرنے والوں نے محمد رضوان کی خوب تعریف کی۔

کچھ صارفین کو شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے اپنایا گیا رویہ پسند نہیں آیا تو موقف اپنایا گیا کہ انہیں محمد رضوان کی نرم مزاجی کے جواب میں درشتی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔
معاملے پر گفتگو کے دوران چند ٹویپس نے یہ نشاندہی بھی کی کہ فاسٹ بولر کو اتنی جارحیت کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ شاہین آفریدی نے معاملے کو ایکسپریشن تک ہی محدود رکھا جو جذباتی لمحات میں ایک صحت مند طرز عمل ہے۔

 محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے آمنے سامنے آنے پر گفتگو کا سلسلہ مزید آگے بڑھا تو لاہور قلندرز کے کپتان نے خود بھی اس پر تبصرہ کیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے لکھا کہ ’میں اس فرد کے لیے انتہائی پسندیدگی اور احترام کا جذبہ رکھتا ہوں۔ ٹیم کے  ساتھی کے طور پر ہو یا مخالف کی حیثیت میں، ان کے ساتھ میدان میں موجود رہنا ہمیشہ مزے دار رہتا ہے۔‘
محمد رضوان کی شخصیت سے متعلق اپنے تبصرے میں انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ ہمیشہ انتہائی مہربان اور دوستانہ انداز رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہر ایک کے لیے سنگ میل متعین کر دیا ہے۔‘ 
شاہین آفریدی کی محمد رضوان سے متعلق ٹویٹ کے بعد بہت سے افراد نے ان کے جذبات کو سراہا تو اسے قابل قدر قرار دیا۔

پی ایس ایل کے دوران کھلاڑیوں کے رویے کا ذکر کرنے والوں نے مختلف کپتانوں کی جانب سے مخالف ٹیم کے ساتھ اپنے پلیئرز سے برتاؤ پر گفتگو کی تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا انداز بھی زیربحث آیا۔

ریحان الحق نے لکھا ’آپ پی ایس ایل اور اس جنریشن سے محبت کیے بغیر کیسے رہ سکتے ہیں؟‘
جمعہ کے روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والا میچ محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان پیش آنے والے واقعے سے ہٹ کر اس لیے بھی خاص رہا تھا کہ ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ ملتان سلطانز کو مخالف ٹیم کے ہاتھوں شکست سہنا پڑی تھی۔
 

شیئر: