Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیا میں دادی کی 98 سال کی عمر میں سکول واپسی

پریسیلا سیٹینی نے کہا کہ ’میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں کیونکہ میں دائی ہوا کرتی تھی۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
دیہی کینیا کی وادی رفٹ میں ایک پتھر کے کلاس روم میں، پریسیلا سیٹینی، جو جمعے کو 99 سال کی ہو گئی ہیں، ساتھی طالب علموں کے ساتھ نوٹ لے رہی ہیں جو ان سے 80 سال سے زیادہ چھوٹے ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق سرمئی لباس اور سبز سویٹر کے سکول یونیفارم میں ملبوس سیٹینی نے کہا کہ وہ اپنے پوتے پوتیوں کے بچوں کے لیے ایک اچھی مثال قائم کرنے اور ایک نئے کیریئر کو آگے بڑھانے کے لیے کلاس میں واپس گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں کیونکہ میں دائی ہوا کرتی تھی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کے اس فیصلے میں بچوں کی حمایت شامل ہے۔
مشرقی افریقی ملک کی حکومت نے 2003 میں پرائمری سکولنگ کی لاگت پر سبسڈی دینا شروع کی، تاکہ معاشرے کے کچھ بوڑھے افراد جو تعلیم سے محروم رہ گئے تھے، اپنے خوابوں کو زندہ کر سکیں۔
اس سے کچھ بزرگ شاگردوں کو شہرت بھی ملی جن میں پریسیلا سیٹینی بھی شامل ہیں، جنہوں نے گذشتہ سال اپنی زندگی کے حوالے سے بنی فلم ’گوگو‘ کے افتتاح کے لیے پیرس کا سفر بھی کیا تھا۔
’گوگو‘ کا مطلب ان کی آبائی کلینجن زبان میں دادی ہے۔ وہ فلم کی لانچنگ کے لیے جلد ہی نیویارک کا سفر بھی کریں گی۔

پریسیلا سیٹینی کا کہنا تھا کہ وہ سکول میں دیگر سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوتی ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)

پریسیلا سیٹینی جو اپنے پرائمری سکول کے چھٹے سال میں ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کے مقاصد ایک فلم سٹار بننے سے کہیں زیادہ عملی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں سکول جانے کا خیال تب آیا جب ان کے پوتے کی بیٹی نے حاملہ ہونے کی وجہ سے سکول چھوڑ دیا اور انہوں نے ’ازراہ تفنن ان سے پوچھا کہ کیا ان کا کوئی سکول فیس کی مد میں بیلنس موجود ہیں اور انہوں نے ہاں کہا۔‘
’جس پر میں نے انہیں بتایا کہ میں اسے سکول شروع کرنے کے لیے استعمال کروں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ ان کے پوتے کی بیٹی اپنی پڑھائی دوبارہ شروع کرے گی، لیکن جب اس نے انکار کر دیا تو سیٹینی نے خود سکول جانے کا فیصلہ کیا۔
پریسیلا سیٹینی کا مزید کہنا تھا کہ وہ سکول میں دیگر سرگرمیوں سے بھی لطف اندوز ہوتی ہیں جن میں فزیکل ایجوکیشن بھی شامل ہے۔

شیئر: