Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زنانہ وارڈ میں ’ڈاکٹر‘ بن کر داخل ہونے والا غیر ملکی گرفتار

سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کرملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی(فوٹو، ٹوئٹر)
 طائف کے شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹر کا گاؤن پہن کرمیٹرنیٹی وارڈ میں داخل ہونے والے غیر ملکی کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزم کا تعلق عرب ملک سے ہے۔ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم میں موجود خاتون اہلکار کو ملزم کے بارے میں شک ہوا تو اس نے فوری طور پر سکیورٹی اہلکاروں کو طلب کرلیا جنہوں نے ملزم کو میٹرنیٹی وارڈ سے گرفتار کرلیا۔
سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طائف ادارہ صحت کے ترجمان ’سراج الحمیدان ‘ نے بتایا کہ وقوعہ جمعرات کی شب پیش آیا تھا جب ایک شخص جس کا تعلق ہسپتال سے نہیں تھا وہ خود کو ہسپتال کا ڈاکٹر ظاہرکرتے ہوئے میٹرنیٹی وارڈ میں گھس گیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود اہلکار خاتون نے مانیٹرنگ روم سے ملزم کو دیکھا اورشک ہونے پر ہسپتال کے سکیورٹی اہلکاروں کو اس کی اطلاع دی ۔
سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھ کرملزم نے وہاس سے فرار ہونے کی کوشش کی مگروہ اس میں ناکام رہا۔ ملزم کے بارے میں ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ وہ نہ تو ڈاکٹر تھا اور نہ ہی اس کا ہسپتال سے کسی قسم کا تعلق تھا۔
جعل ساز کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جہاں اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جس کے بعد کیس پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔
 

شیئر: