الجوف میوزیم: جہاں ماضی، حال اور تابناک مستقبل یکجا ہیں
سعودی عرب کے الجوف گورنریٹ میوزیم میں جہاں خطے کا ماضی، حال اور تابناک مستقبل یکجا ہوتے ہیں۔ یہاں موجود ہر چیز اور مخطوط تاریخ کا ایسا ورق ہے جو ناقابل فراموش ہے۔
الجوف ریجن کی گورنریٹ نے ماضی کو متعارف کرانے کے عظیم الشان سفر کا آغاز کیا، جہاں تاریخ اور تمدن کے ادوار ملتے ہیں۔
الجوف گورنریٹ میوزیم ایک دروازہ ہے جہاں داخل ہونے والے ماضی کی گم شدہ داستانیں دیکھتے ہیں۔ یہ داستانیں صدیوں پرانی انسانی تہذیب و تمدن کے سفر کو خاموشی سے بیان کرتی ہیں۔
میوزیم کے داخلی دروازے سے اہل سکاکا کی تاریخ کا آغاز مشہور ’زعبل قلعہ‘ سے ہوتا ہے جو اپنے اندر صدیوں کی تاریخ سمیٹے ہوئے ہے۔
میوزیم کے ان تاریخی قلعوں اور مقامات کے درمیان مستقبل کے ایسے نئے اور عظیم الشان منصوبوں کو یکجا کیا جا رہا ہے جہاں ماضی کی داستانیں اور دور جدید کی عظیم الشان ترقی کو یکجا کرکے آنے والے نسلوں کے لیے انمٹ تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔

یہاں علاقے کے ماضی اور حال کو مرحلہ وار طریقے سے محفوظ کیا گیا ہے جس میں تاریخ و ثقافت اور علاقائی تہذیب و تمدن نمایاں ہیں۔
الجوف ریجن ترقی کے مختلف ادوار سے ہوتے ہوئے آج شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز کی زیر قیادت نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
میوزیم کی دیواروں پر بنے طاقچوں میں سجائی گئی عہد رفتہ کی اشیا کا تعارف کیا گیا ہے۔

ہزاروں برس قدیم دیواری نقوش جو اس دور کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں، اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ علاقہ ہزاروں برس سے انسانی تہذیب و تمدن کا گہوارا رہا ہے۔
میوزیم کی ایک کھڑکی وزیٹر کو ماضی کے ادوار میں لے جاتی ہے جہاں اس دور کے گھروں کی بناوٹ اور استعمال ہونے والی چیزیں رکھی گئی ہیں۔

علاقے میں پائے جانے والے چٹانی نقوش خاموش زبان میں اپنی داستانیں سناتے ہیں۔ یہ نقوش اس بات کی دلیل ہیں کہ ہزاروں برس قبل یہاں انسانی تہذیب اپنے عروج پر تھی اور انسانوں نے اپنی یادداشتیں آنے والوں کے لیے چھوڑیں۔
میوزیم کے ایک خاموش کارنر میں قدیم و نادر مخطوطات موجود ہیں جن کے بارے میں محققین کی جانب سے بیان کی گئی وضاحت بھی آویزاں کی گئی ہے۔
