Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیور نے مفرور جعل ساز گرفتار کروا دیا 

ملزم نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، فوٹو: سبق نیوز
اوبر ڈرائیور کی دانش مندی نے مفرور جعل ساز کو گرفتار کروا دیا ۔ مصر سے تعلق رکھنے والا غیر ملکی جعلی نوٹ بنانے کے الزام میں پولیس کو مطلوب تھا۔ 
ملزم نے جدہ میں آن لائن ٹیکسی سروس ’اوبر‘ طلب کی۔ انہوں نے منزل مقصود پر پہنچ کر ڈرائیور کو جعلی نوٹ دینے کی کوشش کی جس پر ڈرائیور نے پولیس کو بلا لیا جس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، بعدازاں انکشاف ہوا کہ ملزم تو پہلے سے ہی  جعلی نوٹوں کے کیس میں مطلوب تھا۔
عربی ویب نیوز سبق نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ جدہ میں ایک مصری باشندے نے اوبر ٹیکسی طلب کی۔ منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد ملزم نے ڈرائیور کو جعلی نوٹ دیئے۔
ڈرائیورجعلی نوٹ دیکھ کر پہچان گیا، اس نے فوری طور پر قریب ہی موجود پولیس اہلکاروں کو اپنی جانب متوجہ کر لیا ۔ پولیس اہلکار جب ٹیکسی کے پاس پہنچے تو ملزم نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔
اوبر ڈرائیور نے جعلی نوٹ پولیس اہلکار کودیے جو انہیں ملزم نے دیے تھے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے ان کا اقامہ نمبر جیسے ہی موبائل یونٹ کے سسٹم میں فیڈ کیا تو معلوم ہوا کہ ملزم تو پہلے ہی جعلی کرنسی کیس میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزم کو علاقے کے تھانے میں پہنچا دیا گیا جہاں ان سے مزید تحقیقات جاری ہے۔ اس ضمن میں پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کا سابقہ ریکارڈ موجود ہے جس کی روشنی میں ان پر مزید مقدمات درج کرکے انہیں محکمہ تحقیقات و استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: