Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ میں سمندری طوفان یونس سے 13 ہلاک،لاکھوں افراد بجلی سے محروم

برطانیہ میں ٹرین آپریٹرز نے لوگوں سے سفر نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں ہنگامی عملہ لاکھوں گھروں کی بجلی بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو کہ سمندری طوفان یونس کی وجہ سے معطل ہوئی ہے۔ 
طوفان نے مغربی یورپ میں تباہی مچا دی ہے اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہنگامی سروسز نے سنیچر کو کہا ہے کہ برطانیہ، آئرلینڈ، نیدرلینڈ، بیلجیئم، جرمنی اور پولینڈ میں درخت گرنے، اڑتے ملبے اور تیز ہواؤں سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں ٹرین آپریٹرز نے لوگوں سے سفر نہ کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ اب بھی کئی لائنوں پر درخت گرے ہوئے ہیں۔
نیدرلینڈز میں بھی ٹرین نیٹ ورک مفلوج ہو چکا ہے جبکہ بجلی کی لائنز کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے برطانیہ اور فرانس کے درمیان چلنے والی یورو سٹار اور تھیلیس انٹرنیشنل سروسز بھی بند ہیں۔
فرانس میں بھی ریل سروس تعطل کا شکار ہے جبکہ 37 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔ آئرلینڈ میں تقریباً آٹھ ہزار اور پولینڈ میں ایک لاکھ 94 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعے کو برطانیہ میں 10 لاکھ سے زائد گھر گرڈ سے باہر ہوئے تھے۔ سنیچر کی صبح تک دو لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں۔
برطانیہ کی انرجی نیٹ ورکس ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس کے اراکین نے 12 لاکھ صارفین کی بجلی بحال کر دی  ہیں لیکن تقریباً دو لاکھ 26 ہزار صارفین ہنوز بجلی سے محروم ہیں۔ جن کی زیادہ تعداد جنوبی انگلینڈ بلکہ ملک کے مشرق اور جنوبی ویلز میں بھی ہے۔
طوفان کے باعث لندن کے ہیتھرو اور گیٹوک ہوائی اڈوں اور ایمسٹرڈیم کے شیفول پر سینکڑوں پروازیں بھی منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔

شیئر: