Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی وی پر نریندر مودی سے براہ راست مباحثہ کرنا چاہتا ہوں: عمران خان

عمران خان نے روسی ٹی وی کو انٹرویو میں انڈیا میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز مہم کا ذکر کیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے ٹی وی پر براہ راست مباحثہ کرنے کے خواہش مند ہیں۔
منگل کو نشر کیے گئے روس کے ٹی وی چینل ’آر ٹی‘ کو انٹرویو میں پاکستانی وزیراعظم نے انڈیا میں ہندو قوم پرستوں کی جانب سے اقلیتوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ انڈیا میں ’نسل پرستی کی آئیڈیالوجی ہے جو جرمن نازی تحریک سے متاثر ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انڈیا میں ہندو قوم پرستی کی تحریک کے بانی جرمن نازیوں سے متاثر تھے اور ان کی تعریف کرتے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ ’قوم پرستی دو طرح کی ہوتی ہے، ایک منفی اور دوسری مثبت۔ ان دونوں میں فرق روا رکھنا چاہیے۔ جب میں کہتا ہوں کہ ہماری قوم بہت قابل ہے اور آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہوں۔ لیکن اگر میں یہ کہوں کہ آپ بہترین قوم ہیں مگر ان دیگر کمیونٹیز کی وجہ سے ترقی نہیں کر سکتے تو اس سے دوسروں سے نفرت ابھرتی ہے اور خون خرابہ ہوتا ہے۔‘
روسی ٹی وی کی میزبان نے اس پر کہا کہ ’ہمیں یقین کہ دہلی میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی آپ کی باتوں سے اتفاق نہیں کریں گے اور اگر وہ اپنے خیالات اس پر دینا چاہیں تو ہم ان کو بھی نشر کریں گے۔‘
اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’مجھے ٹی وی پر نریندر مودی سے مباحثہ کر کے خوشی ہوگی۔‘
انٹرویو کرنے والی خاتون میزبان نے کہا کہ ان کا چینل یہ مباحثہ کرانے کو اپنے لیے اعزاز سمجھے گا ’مگر اس سے قبل کہ ہم اس مباحثے کا انعقاد کریں اگلے سوال کی جانب بڑھتے ہیں۔‘
پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ مباحثہ کرانا بہت اچھا ہوگا کہ برصغیر کے ایک ارب سے زیادہ لوگ اپنے تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرا سکیں۔‘ 
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان تعاون اور اسی طرح روس کے ساتھ شراکت اگر ہوتی ہے تو اس سے انسانیت کو فائدہ ہوگا۔
عمران خان سے پوچھا گیا کہ وہ وزیراعظم کے طور پر کیسے رکھے جانا چاہیں گے؟ تو ان کا جواب تھا کہ وہ چین کو دیکھتے ہیں کہ کس طرح لوگوں کو غربت سے باہر نکالا۔
’معاشرے کے لیے قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی فلاح ضروری ہے اور چاہوں گا کہ چین کی طرح غریبوں کو اوپر اٹھاؤں، اگر ایسا کرنے میں کامیاب رہا تو اپنے خالق سے ملاقات میں سرخرو ہوں گا۔‘

شیئر: