Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ: سکول بس میں آگ لگ گئی، تمام بچے محفوظ رہے

سکول بس میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے( فوٹو امارات الیوم)
شارجہ میں سکول بس میں خوفناک آگ لگ گئی تاہم ڈرائیور نے بروقت اقدام کرکے بچوں کو بچا لیا۔
امارات الیوم کے مطابق شارجہ کے علاقے التعاون کی الخان اسٹریٹ سے طلبہ سکول بس سے گھر واپس آرہے تھے کہ اچانک بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بس ڈرائیور نے راہگیروں کی مدد سے بچوں کو بس سے نکال کر ان کی جان بچائی۔ ایک اور بس کے ذریعے بچوں کو ان کے گھر پہنچایا گیا ہے۔
شارجہ میں شہری دفاع کے عہدیدار نے بتایا کہ’ سکول بس میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں‘۔

سکول بس پوری طرح جل کر تباہ ہوگئی( فوٹو ٹوئٹر)

’بس ڈرائیور نےا پنی ذہانت، تجربے اور راہگیروں کی مد دسے بچوں کو بحفاطت نکال لیا تھا اور کوئی زخمی نہیں ہوا‘۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ’ بس ڈرائیوروں کو آتشزدگی جیسے واقعات سے نمٹنے اور محصور افراد کو نکالنے کی تربیت دی جاتی ہے‘۔
شہری دفاع نے بتایا کہ ’ بس پوری طرح جل کر تباہ ہوگئی تاہم سڑک پر کھڑی گاڑیاں محفوظ رہی ہیں‘۔
شہری دفاع کے عہدیدار کے مطابق’ سکول بس میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے‘۔

شیئر: