Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی کا پولش ہم منصب سے رابطہ، طلبہ کے انخلا پر تبادلہ خیال

پولینڈ کے وزیر خارجہ نے انخلا کے عمل میں مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پولینڈ کے وزیر خارجہ زبیگنیو روؤ کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے اور یوکرین سے پاکستانی شہریوں کے انخلا اور دو طرفہ امور پر بات چیت کی۔
پیر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے یوکرین کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور پاکستان کے اس نکتہ نظر کو اجاگر کیا کہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ ماسکو میں صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ سفارت کاری سے فوجی تنازع کو ٹالا جا سکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔ 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں پولینڈ کی حکومت کی جانب سے مسلسل امداد کا منتظر ہے۔
پولینڈ کے وزیر خارجہ نے انخلا کے عمل میں مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
خیال رہے کہ یوکرین سے اب تک 606 پاکستانیوں کو بحفاظت نکال کر پولینڈ پہنچایا جا چکا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: