Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان اور ولی عہد نے قاتل کو معاف کرنے پر خاتون کا شکریہ ادا کردیا

’بیٹے کے قاتل کو محض اللہ کی رضا کی خاطر معاف کرنے کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے عسیر ریجن میں اپنے بیٹے کے قاتل کو معاف کرنے والی سعودی خاتون کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ بات گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال نے مقتول کے وکیل اور افراد خانہ سے ملاقات کے دوران کہی ہے۔
سعودی قیادت نے کہا ہے کہ ’بیٹے کے قاتل کو محض اللہ کی رضا کے حصول کی خاطر معاف کرنے کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘
گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران مقتول خاندان کے وکیل محمد بن زامل آل راجح اور خاندان کے سرکردہ افراد کی موجودگی میں معافی نامہ تحریر کیا گیا ہے۔
گورنر عسیر نے کہا ہے کہ ’مقتول کے خاندان کے افراد نے عفو و درگزر کی مثال پیش کی ہے جس کی بنیادیں اسلام کی روشن تعلیمات سے ملتی ہیں۔‘
واضح رہے کہ آل راجح خاندان کے ایک فرد کو ایک نوجوان نے قتل کردیا تھا جس پر مقتول کی والدہ نے اسے اپنی پناہ میں لے لیا اور بیٹوں کو انتقال لینے یا قاتل کو مارنے سے منع کردیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے قاتل کو گرفتار کیا اور عدالت میں جرم ثابت ہونے پر قصاص کی سزا سنائی گئی تھی۔

شیئر: