Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں ’ماموں‘کی ہلاکت، انڈین آبدوز، ملائیشیا میں دھوتی سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں

چند ماہ قبل تک عبدالرؤف واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی ریستوران چلاتے تھے (فائل فوٹو: فلکر)
امریکہ میں بہادری کا ایوارڈ لینے والے پاکستانی شہری کی کار چھیننے کی واردات میں ہلاکت، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی، فیس بک کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویڈیوز سے آمدن حاصل کرنے کا پروگرام اور پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکہ پاکستان میں ہفتہ رفتہ کے دوران اہم خبریں رہیں۔
پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جنرل سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد سولر سسٹم کی فروخت میں کمی، مراد سعید پر الزامات کے بعد ریحام خان کو ایک ارب ہرجانے کے نوٹس اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی جانب سے وزیرخارجہ سے متعلق دعوے کو بھی باقی خبروں پر فوقیت رہی۔
پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے رقم کہاں سے آئے گی؟ اور دھماکے  میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی بیوہ سے متعلق خبر بھی گزشتہ ہفتے کے اہم موضوعات میں شامل رہی۔

امریکہ میں بہادری کا ایوارڈ لینے والے ’ماموں‘ کار چِھننے کی واردات میں ہلاک

’میرے ماموں، میرے ہی ماموں نہیں تھے بلکہ وہ امریکہ اور واشنگٹن ڈی سی میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کے ماموں تھے۔ وہ ہر ایک کے ساتھ ہمدردی کرتے تھے۔‘
یہ کہنا تھا امریکہ میں پیر کے روز کار چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت پر ہلاک ہونے والے پاکستانی امریکی کاروباری اور سماجی شخصیت عبدالرؤف کے بھانجے آغا علی کا۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

عبدالرؤف 80 کی دہائی میں صوبہ پنجاب سے امریکہ منتقل ہوئے تھے (فوٹو: روئٹرز)

وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت 10 روپے، بجلی 5 روپے کم کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے اور بجلی کی قیمت میں پانچ روپے فی یونٹ کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو قوم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی پاکستان میں پیٹرول کی قیمت دنیا کے کئی ممالک سے کم ہے۔ ’ہم ہر مہینے پٹرول پر 70 ارب سبسڈی دیتے ہیں، اگر یہ نہ دیں تو پیٹرول کی قیمت 220 روپے لیٹر ہوجائے گا۔‘
’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے بجٹ تک ہم پیٹرول اور بجلی کی قیمت مزید نہیں بڑھائیں گے۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز دونوں کے لیے 100 فیصد ٹیکس چھوٹ دے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

پشاور کی مسجد میں دھماکہ: 30 افراد ہلاک، 50 سے زائد زخمی

پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد امامیہ میں ’خودکش دھماکے‘ سے کم از کم 56 افراد ہلاک جبکہ 194 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
جمعے کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال(ایل آر ایچ) کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ اس دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے جبکہ 194 زخمی ایل آر ایچ لائے گئے ہیں۔
اس قبل محمد عاصم نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ دھماکے میں 30 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مزید زخمیوں کو لایا جا رہا ہے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

پشاور دھماکے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کی تعداد 100 سے زائد رہی (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

مراد سعید پر الزامات، ریحام خان کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے بارے لگائے گئے الزامات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔ 
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریحام خان (آپ) کی کتاب کا حوالے دے کر بہتان تراشی کی جاتی ہے اور وزارت کی کارکردگی کو متنازع بنایا جاتا ہے۔ ’جس کی آپ نے کبھی تردید نہیں کی بلکہ ایسے الزامات پر مبنی مواد کو ری ٹویٹ بھی کرتی ہیں۔‘ 
14 دن میں وضاحت اور معافی نہ مانگنے کی صورت میں عدالت سے سخت سزا اور ایک ارب ہرجانے کی استدعا کی جائے گی۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

ریحام خان کی کتاب تقریباً چار سال قبل شائع ہوئی تھی۔ (فوٹو: ریحام خان ٹوئٹر)

جی ایس ٹی کا نفاذ، پاکستان میں سولر سسٹم کی فروخت میں نمایاں کمی

حکومت کی جانب سے رواں برس کے آغاز میں منی بجٹ میں سولر پینل پر 17 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں تیزی سے بڑھتا ہوا متبادل توانائی کا یہ شعبہ شدید مشکلات کا شکار ہوگیا ہے اور ڈیلرز کے مطابق سولر سسٹم کی فروخت میں گذشتہ دو ماہ کے دوران 40 سے 60 فیصد تک کی کمی سامنے آئی ہے۔
پاکستان میں گذشتہ چند برسوں کے دوران توانائی کے بحران اور مہنگی بجلی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے صارفین میں سولر پینلز لگانے کا رجحان تیزی سے بڑھا تھا اور گذشتہ مالی سال کے دوران 2380 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل سولر پینلز درآمد کیے گئے تھے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

پاکستان میں متعدد پرائیویٹ بینک اب سولر سسٹم کے لیے چھ سے سات فیصد تک شرح منافع پر قرض دیتے ہیں۔ (فائل فوٹو: سولر سسٹم پاکستان فیس بک)

شاہ محمود قریشی کی نظر وزارت عظمیٰ پر ہے: پی ٹی آئی رکن اسمبلی

حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچل نے اپنی جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اردو نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں دیوان سچل کا کہنا ہے کہ ’ہم ایک جماعت کے طورپر عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوئے ہیں اور اس بات کی ذمہ داری لینے کا وقت آ گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا ’عمران خان سسٹم کو سدھار نہیں سکے ہیں۔ وہ اس بات کا مینڈیٹ لے کر آئے تھے کہ وہ کوئی سدھار پیدا کریں گے لیکن وہ بالکل بھی ایسا نہیں کر سکے۔‘
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

دیوان سچل نے بتایا کہ پارٹی کے اندر آواز اٹھا اٹھا کر وہ تنگ آ گئے ہیں۔ اس لیے اب میڈیا کے ذریعے اپنی بات سامنے لائیں گے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

اسلام آباد پولیس کے ’پہلے شہید‘ کا بیٹا 26 سال بعد بھرتی

’جب مجھے خبر ملی کہ اسلام آباد پولیس نے میرے بیٹے کو 26 سال پہلے مصر کے سفارت خانے میں بم دھماکے میں شہید ہونے والے باپ کی جگہ پر بھرتی کر لیا ہے تو مجھے خوشی بھی ہوئی لیکن دل بیٹھ بھی گیا کیونکہ 26 سال پہلے جو بیتی تھی، اس کا ایک ایک لمحہ شدت سے یاد آ رہا تھا اور خدشات سر اٹھانے لگے تھے، کیونکہ جس پر جو بیتا ہوتا ہے اس کی تلخی صرف وہی محسوس کر سکتا ہے۔‘  یہ کہنا ہے اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبدالمنان کی بیوہ ساجدہ بیگم کا، جو 19 نومبر 1995 کو اسلام آباد میں مصر کے سفارت خانے میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے اور ان کی وفات کے تین ماہ بعد ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کو 26 سال کی عمر میں اسلام آباد پولیس نے شہداء کوٹے پر ملازمت دی ہے۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

عبدالمنان 1995 میں مصر کے سفارت خانے میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہوئے تھے۔ فائل فوٹو: اسلام آباد پولیس

پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے رقم کہاں سے آئے گی؟

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایک بڑے ریلیف پیکج کے تحت پٹرول کی قیمت میں دس روپے اور بجلی کی قیمت میں پانچ روپے کمی سمیت متعدد اعلانات سے حکومت نے عوامی سطح پر  مقبول فیصلہ کیا ہے۔
تاہم کیا پاکستان کی معیشت میں اتنی بہتری آئی ہے کہ وزیراعظم  سینکڑوں ارب کا پیکج دینے کے قابل ہوئے یا پھر یہ وزیراعظم کی جانب سے الیکشن کی تیاری کا اعلان ہے؟
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے  ساتھ ماہرین پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کر رہے تھے مگر   وزیراعظم کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کے بجائے کم کرنے کے اعلان نے سب کو حیرت زدہ کر دیا۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

ماہرین کے مطابق قیمتوں میں کمی کا فیصلہ وزیراعظم کی جانب سے تحریک عدم اعتماد اور موجودہ صورتحال کو ٹالنے کی کوشش ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

’ہم استعمال ہوئے، شرمسار ہیں‘، ایم کیو ایم کی سانحہ 12 مئی پر معافی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے 12 مئی 2007 کے فسادات پر معافی مانگ لی ہے۔
جمعرات کو کوئٹہ میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم استعمال ہوئے ہیں اور اس کے لیے ہم شرمسار ہیں۔‘
کراچی میں 2007 میں ہونے والے فسادات کے تقریباً 15 سال بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایم کیو ایم کے کسی اعلیٰ عہدے دار نے اس واقعے پر معافی مانگی ہے۔
مکمل خبر یہاں پڑھیں

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 'ہمارا ارادہ نہیں تھا اور نہ ہی یہ ہمارا طریقہ ہے ۔' (فوٹو اے ایف پی)

فیس بک نے پاکستان میں مونیٹائزیشن شروع کر دی، کون اس کا اہل ہے؟

پاکستان میں فیس بک استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ نے پاکستانی صارفین کے لیے بھی ویڈیوز سے پیسے کمانے کی سہولت یعنی مونیٹائزیشن شروع کر دی ہے اور صارفین کو اپنے بینک اکاؤنٹس کو رجسٹر کرنے کا آپشن دے دیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کی ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ فیس بک سے آمدنی حاصل کرنے کے اقدامات کے حوالے سے ان کی بات چیت ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ فیس بک کے علاوہ یوٹیوب اور گوگل اشتہارات اور مونیٹائزیشن یعنی مواد کے ذریعے پیسے کمانے کے منصوبے کے تحت مواد تیار کرنے والوں کو رقم فراہم کرتا ہے جس سے پہلے ہی بیسیوں ہزاروں پاکستانی خطیر رقم کما رہے ہیں۔
خبر کی تفصیل یہاں پڑھیں

شیئر: