Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو سال قبل جب عمرے کی ادائیگی عارضی طور پر روکی گئی

 اب ہر شخص اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کرسکتا ہے(فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ دو برس قبل کورونا وبا کے باعث عمرے پر عارضی پابندی لگائی گئی تھی، اب سب کے لیے عمرہ کھلا ہے ہر شخص اعتمرنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ حاصل کرسکتا ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق توفیق الربیعہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ زائرین کسی بھی وقت اعتمرنا یا توکلنا ایپ کے ذریعے عمرہ کا اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ 
سوشل میڈیا پر صارفین نے دو برس قبل کی یادیں تازہ کرتے ہوئے لکھا کہ  بدھ چار مارچ 2020 کو سعودی وزارت داخلہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو وبائی وائرس سے بچانے کے لیے عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت پر عارضی پابندی کا اعلان کیا تھا۔
 اس وقت وزارت حج و عمرہ نے وضاحت کی تھی کہ ’سعودی عرب زائرین کو وائرس سے بچانے کے لیے پابندی لگا رہا ہے، یہ فیصلہ وائرس کو مکہ مکرمہ پہنچنے سے روکنے کے لیے لگایا گیا ہے‘۔ 
واضح رہے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزارت صحت کی جانب سے وضع کردہ ضوابط پر عمل درآمد جاری ہے۔
اس حوالے سے ’توکلنا‘ اور’اعتمرنا ‘ ایپ کے ذریعے وہ افراد مسجد الحرام جانے کے لیے پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوئی ہوں اوران کا سٹیٹس امیون ہو۔
کورونا ویکسین کے حوالے سے وزارت صحت کے قوانین کے مطابق ایسے افراد جنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک آٹھ ماہ قبل لگوائی ہے ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ بوسٹر ڈوز لگوائیں۔ وہ افراد جو مذکورہ زمرے میں شامل ہیں اور انہوں نے بوسٹر ڈوز نہیں لگوائی توکلنا پران کا امیون سٹیٹس ختم ہوجائے گا جس کی وجہ سے وہ عمرہ پرمٹ حاصل نہیں کرسکیں گے۔

شیئر: