Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شامی کارپینٹر ٹھیکے دار کمپنی کا مالک نکلا، وزارت تجارت کی کارروائی

شامی شہری آئندہ مملکت نہیں آسکے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت نے کارپینٹر کے پیشے پر مقیم شامی شہری کے اکاؤنٹ میں اچانک غیرمعمولی اضافے پر قانونی کارروائی کی ہے۔
شامی شہری جو کارپینٹر کی حیثیت سے مملکت میں مقیم تھا اور اس کی ماہانہ تنخواہ  2800 ریال تھی۔ اس کے اکاؤنٹ میں غیرمعمولی رقم کے اضافے کا نوٹس لیا گیا۔ 

وزارت تجارت نے شامی شہری اور دو سعودیوں کی ان کے خرچ پر تشہیر بھی کی ہے (فوٹو: وزارت تجارت)

المرصد ویب سائٹ کے مطابق دمام شہر میں دو سعودی شہری، شامی کو اپنے نام سے ٹھیکے داری کا کاروبار کرا رہے تھے۔ وزارت تجارت نے تینوں کے خلاف تجارتی پردہ پوشی کے جرم کے ارتکاب پر کارروائی کی ہے۔
وزارت تجارت نے شامی شہری اور دو سعودیوں کی ان کے خرچ پر تشہیر بھی کی ہے۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ مقامی شہری مسفر مفرح بن صالح القحطانی اپنے والد کے کمرشل اندراج سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے شامی شہری کو تعمیرات کے سامان اور ٹھیکے داری کا کاروبار کرا رہا تھا۔  
شامی شہری حسن مرعی تعمیراتی سامان اور ٹھیکے داری سے حاصل ہونے والی آمدنی بیرون مملکت بھجوا رہا تھا۔ اسی بنیاد پر اس کے بارے میں شک پیدا ہوا تھا۔ 
دمام میں فوجداری کی عدالت نے 3 لاکھ ریال جرمانہ کیا۔ علاوہ ازیں کاروبار بند کرنے، کاروباری سرگرمیاں سمیٹنے اور کمرشل اندراج ختم کرنے، آئندہ کاروبار کی اجازت نہ ہونے، زکوۃ، فیس اور ٹیکس وصول کرنے کے احکام بھی جاری کیے۔
شامی کے حوالے سے اضافی فیصلہ یہ کیا گیا کہ اسے بلیک لسٹ کردیا گیا۔ آئندہ اس کے مملکت آنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: