Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کو 4 ماہ تک موبائل فون بغیر پی ٹی اے ٹیکس استعمال کی اجازت

درخواست دہندہ کے قیام کے 120 دن گزرنے کے بعد آئی ایم ای آئی نمبر معطل ہو جائے گا۔ (فوٹو: فری پک)
حکومت پاکستان نے اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کو چار ماہ تک موبائل فون بغیر پی ٹی اے ٹیکس استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق موبائل فون کو بلاک کرنے سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے ایف بی آر اور پی ٹی اے نے ایف آئی اے اور موبائل فون آپریٹر کے اشتراک سے عارضی رجسٹریشن کا ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے۔
یہ نیا نظام ان اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کے لیے بنایا گیا ہے جو اپنے موبائل ڈیوائسز پاکستان میں نہیں رکھنا چاہتے اور ان پر صرف ایک موبائل فون قابل اطلاق ہوگا۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندہ کو پاسپورٹ نمبر، پاکستان آنے اور جانے کی تاریخ، موبائل سم اور موبائل کا آئی ایم ای آئی مہیا کرنا ہوگا۔
درخواست دہندہ کے قیام کے 120 دن گزرنے کے بعد اس سہولت کے تحت استعمال ہونے والے آئی ایم ای آئی نمبر معطل ہو جائے گا اور مقامی فون نیٹ ورک سروسز پر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
ایف بی آر کے مطابق گر وہی درخواست دہندہ پاکستان کا دوبارہ سفر کرتا ہے تو ان کو دوبارہ سے اس عارضی سہولت کے لیے درخواست دینا ہوگی۔
یہ نظام عارضی بنیادوں پر نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں اور غیرملکی شہریوں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ اس سے ملک کا مثبت پہلو بھی سامنے آئے گا۔

شیئر: