Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین نہ لگوانے والے غیرملکی سعودی عرب واپس آسکتے ہیں؟

ویکسین کے حوالے سے وہ پابندیاں عائد ہوں گی جو نافذ کی جارہی ہیں(فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ ایسے مقیم غیرملکی بھی سعودی عرب واپس آسکتے ہیں جنہوں نے کورونا ویکسین کی خوراکیں نہیں لگوائی ہیں۔ مقیم غیرملکیوں کی واپسی کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری نہیں رہا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے اتوار کو پریس بریفنگ کے دوران کہ ’سعودی شہریوں کے بیرون ملک سفر کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری تھا اب یہ پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم بیرون ملک سفر کے لیے بوسٹر ڈوز اب بھی ضروری ہے‘۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ’اس پابندی سے سولہ برس سے کم عمر کے افراد مستثنی ہوں گے اور وہ بھی جنہیں توکلنا ایپ میں مستثنی زمرے میں رکھا گیا ہے‘۔
کرنل طلال الشلھوب نے مزید کہا کہ ’جو مقیم غیرملکی ویکسین لگوائے بغیر مملکت پہنچیں گےان پر ویکسین کے حوالے سے وہ پابندیاں عائد ہوں گی جو سعودی شہریوں اور مملکت موجود تارکین پر نافذ کی جارہی ہیں‘۔ 
الشلھوب نے کہا کہ ’سعودی عرب سے باہر جانے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم ایسے ممالک کا سفر کرتے وقت پی سی آر رپورٹ ضرور طلب کی جائے گی جہاں  یہ پابندی موجود ہوگی‘۔ 
سعودی شہریوں کو میزبان ملک کی پابندیوں کا احترام کرنا ہوگا۔ اس کی تفصیلات ایئرلائنز کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ 

شیئر: