Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب پارلیمنٹ کا جیزان پرحوثیوں کے حملے کی مذمت 

حوثیوں کے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
عرب پارلیمنٹ نے سعودی عرب کے شہر جیزان پر ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے ڈرون حملے  کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔   
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جاری  بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی دہشت گرد بیلسٹک میزائل حملوں میں سول تنصیبات اور شہریوں کو انسانی  ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔
میزائل ایسی سول تنصیبات  سے داغے جا رہے ہیں جہاں شہری موجود ہیں۔ حوثیوں کا یہ اقدام بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق جنگی جرم بھی ہے اور انسانیت سوز جرم بھی۔ 
عرب پارلیمنٹ نے توجہ دلائی کہ  حوثی ایسا کرکے عالمی برادری کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں اور تمام بین الاقوامی معاہدوں، روایتوں اور قوانین کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ 
عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ حوثیوں کو ترقی یافتہ اسلحہ  اور بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے سے روکنے اور دہشت گردانہ حملے بند کرانے کے لیے فوری اور فیصلہ  کن موقف اختیار کیا جائے۔ 
عرب پارلیمنٹ نے سعودی عرب کو اطمینان دلایا کہ وہ اپنے امن و استحکام کو متزلزل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف جو اقدامات کرے گا عرب پارلیمنٹ اس کے ساتھ ہوگی۔  

شیئر: