Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوازات میں کارکن کی فائل ’سیز‘ ہونے پر اقامہ تجدید ہوگا؟

جوازات کے مطابق اقامہ کی تجدید کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ ہولڈر پر کسی قسم کی خلاف ورزی درج نہ ہو۔ (فوٹو: سعودی گزٹ)
سعودی عرب میں جوازات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’جوازات میں کارکن کی اقامہ فائل ’سیز‘ (ایقاف خدمات) ہے۔ اس صورت میں کیا اقامہ تجدید ہوسکتا ہے؟
 جوازات کا کہنا تھا کہ اقامہ کی تجدید کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ ہولڈر پر کسی قسم کی خلاف ورزی درج نہ ہو۔
کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی درج ہونے کی صورت میں اقامہ تجدید نہیں کیا جا سکتا۔ چالان کی ادائیگی کے بعد سسٹم کو اوپن کرنے پر ہی اقامہ تجدید کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے بعض صورتوں میں عدالت کی جانب سے اقامہ سیز کرنے کے احکامات صادر کیے جاتے ہیں جسے عربی میں ’ایقاف خدمات‘ کہا جاتا ہے۔
ایسے افراد جن کی سروسز کو سیز کر دیا جاتا ہے، جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میں ان کے اقامہ نمبر کو ممنوعہ فہرست میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے تمام سرکاری معاملات روک دیے جاتے ہیں۔
سروسز کو سیل کرنے کے لیے عدالت کے احکامات درکار ہوتے ہیں۔ یہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب کوئی قانونی معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہو یا کسی مالی لین دین پر مقدمہ دائر کیا گیا ہو۔
اس صورت میں عدالت کارکن کی ’سروسز سیل‘ کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے۔ جب تک معاملہ ختم نہیں ہو جاتا سروسز بحال کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے جاتے۔ 
جوازات سے دریافت کیا گیا کہ’فائنل ایگزٹ پر جانے کے لیے ویکسین کی تمام خوراکیں لینا لازمی ہے؟
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ مملکت سے فائنل ایگزٹ پر جانے کے لیے کارآمد خروج نہائی اور پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔

مفت کورونا ویکسین لگانے کے لیے توکلنا اور صحتی ایپ پر خصوصی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

علاوہ ازیں جس ملک میں جانا ہو وہاں کے قوانین کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے تاہم سعودی عرب سے فائنل ایگزٹ پر جانے کے لیے اہم ترین چیز کارآمد خروج نہائی ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مفت کورونا ویکسین لگائی جاتی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے مفت کورونا ویکسین لگانے کے لیے توکلنا اور صحتی ایپ پر خصوصی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کے ذریعے ویکسین لگانے کے لیے پیشگی وقت حاصل کیا جاتا ہے تاکہ وقت مقررہ پر پہنچ کر ویکسین لگائی جائے۔
کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تین خوراکیں لگائی جاتی ہیں۔ ایسے افراد جنہیں ویکسین کی دوسری خوراک  لگوائے ہوئے کم از کم تین ماہ گزر چکے ہیں، وہ اگر چاہیں تو تیسری خوراک جسے بوسٹر ڈوز کہا جاتا ہے لگوا سکتے ہیں۔
کورونا سے بچاؤ کے لیے سعودی عرب نے احتیاطی تدابیر میں نرمی کرتے ہوئے متعدد ضوابط ختم کر دیے ہیں جن کے تحت اب سعودی عرب آنے کےلیے کورونا ٹیسٹ کرانے کی بھی ضرورت نہیں اور نہ ہی یہاں آنے کے بعد قرنطینہ کرنا لازمی ہے۔

شیئر: