Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں سواٹ چیلنج مقابلے میں کراچی پولیس کے دستے کی شرکت

متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس کی جانب سے کرائے گئے ’یو اے ای سواٹ چیلنج 2022‘ میں کراچی پولیس کا دستہ بھی شریک ہے۔
ڈی ایس پی اورنگزیب خان کی سربراہی میں آٹھ کمانڈوز پر مشتمل ٹیم ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ بین الاقوامی ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والی یہ پہلی (S.W.A.T) ٹیم ہے۔
13 سے 17 مارچ تک دبئی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، کویت، برازیل، روس اور مونٹی نیگرو سمیت 24 ملکوں کی 41 سپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (سواٹ) ٹیمیں شریک ہیں۔
تین روزہ سرگرمی کے دوران شریک ٹیموں نے پانچ مختلف چیلنجز میں حصہ لینا ہے۔
سرگرمی کے پہلے روز ہونے والے مقابلے میں روسی پولیس کے ٹیم فاتح رہی تھی جب کہ ابوظبی پولیس دوسرے اور شارجہ پولیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

مقابلے کے منتظمین کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق ابتدائی روز ہونے والے ٹیکٹیکل مقابلوں کی ٹاپ ٹین ٹیموں میں کراچی پولیس کے سپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) نے نویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
منتظمین کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں کے پولیس دستوں کے درمیان منعقد کی گئی سرگرمی کا مقصد باہمی تعاون بڑھانا اور پیشہ ورانہ استعداد کا تبادلہ ہے۔
پولیس کے خصوصی دستوں کے درمیان مقابلے کے منتظمین کے مطابق الرویہ ٹریننگ سینٹر میں منعقدہ پانچ روزہ مشقوں کا مقصد شریک ٹیموں کی صلاحیتوں، جسمانی استعداد اور ذہنی ارتکاز کو پرکھنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی پانچ ریاستوں دبئی، ابوظبی، عجمان، فجیرہ اور راس الخیمہ سے کل دس ٹیمیں مقابلوں میں شریک ہیں۔

پہلے روز کے مقابلوں میں کراچی پولیس کے دستے نے نویں پوزیشن حاصل کی (فوٹو: ویڈیو گریب)

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایمرجنسی سروس یونٹ، دبئی پولیس، شارجہ پولیس، کویت سپیشل فورسز، سج سربیجا، رائل تھائی پولیس، ساؤتھ افریقہ سپیشل ٹاسک فورس، پی ٹی جے کاؤنٹر ٹیررسٹ یونٹ، برازیل ساؤ پالو SWAT، بنگلہ دیش آرمی، فجیرہ پولیس، سری لنکن SWAT، ولف ہاؤنڈ ،عجمان پولیس، سعودی اسپورٹس فیڈریشن فار انٹرنل سیکیورٹی فورسز، گینڈرمس فورسز، بلیک ولفز، ریک پولیس اور دیگر مختلف ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان پولیس کے لئے فخریہ لمحہ ہے کہ بین الاقوامی ایونٹ میں ایس ایس یو کی پیشہ وارانہ ٹیم ملک کی نمائندگی کر رہی ہے۔

شیئر: