Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد کیا پاکستان سے عمرہ پیکجز سستے ہوں گے؟

سعودی عرب نے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کر دی ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی حکام کی جانب سے کورونا کے باعث عائد کی گئی بندشوں کے خاتمے کے بعد عمرہ زائرین کے لیے قرنطینہ کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، رمضان المبارک میں توقع کی جارہی ہے کہ عمرہ زائرین بڑی تعداد میں سعودی عرب جانے کے خواہش مند ہوں گے۔  
سعودی حکام نے مملکت آنے والے مسافروں پر قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی بھی ختم کر دی ہے۔ اس کے علاوہ مملکت میں کھلے مقامات پر ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔
عمرہ ٹریول ایڈوائزر سکائی ڈیک کے سی ای او عامر مشتاق کے مطابق ’سعودی عرب میں کورونا بندشوں کے خاتمے کے بعد عمرہ زائرین بکنگ کے بارے میں تفصیلات ضرور لے رہے ہیں، لیکن تاحال پاکستان سے بڑی تعداد میں بکنگز شروع نہیں ہوئیں۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی عرب میں قرنطینہ کی شرط تو ختم ہو گئی ہے۔ لیکن عمرہ زائرین کے لیے ایک ہوٹل میں قیام اور گروپ کی شکل میں ہوٹل سے مقدس مقامات کے لیے بس میں سفر کرنے کی پابندی برقرار ہے جس کی وجہ سے تاحال صورتحال معمول پر نہیں آئی، تاہم چند ماہ میں امید ہے کہ عمرے زائرین کی تعداد کورونا سے پہلے والی صورتحال میں واپس آجائی گی۔‘  
کیا عمرہ کے پیکجز سستے ہوں گے؟  
سعادات ٹریول اینڈ ٹور آپریٹر کے علی زمان کے مطابق ’اس وقت عمرہ کے پیکجز دو لاکھ پاکستانی روپے سے شروع ہوتے ہیں جو کہ اڑھائی سے تین لاکھ روہے تک ہیں۔ جس میں ہوٹلز اور دیگر اخراجات شامل ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئندہ آنے والے دنوں میں عمرہ پیکجز کی قیمتوں میں کمی کا کوئی امکان نہیں کیونکہ فضائی کمپنیوں کے ٹکٹس مہنگے ہونے کی وجہ سے اب عمرہ پیکجز میں کوئی خاص کمی نہیں آنی والی۔‘  
سکائی ڈیک کے عامر مشتاق کہتے ہیں کہ ’پہلے درجنوں فضائی کمپنیاں پاکستان سے سعودی عرب کے لیے فضائی سروسز مہیا کرتی تھیں، تاہم کورونا کے بعد اب ان کی تعداد میں کمی ہوئی ہے جس سے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور عمرہ پیکجز کی قیمتیں متاثر ہوئی ہیں۔‘  

مسجد نبوی اور مسجد الحرام میں سماجی فاصلہ رکھنے کی پابندی ختم ہو گئی ہے۔(فوٹو اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’پی آئی اے نے عمرہ کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کچھ کمی کی ہے، لیکن اس سے پیکجز سستے ہونے کا امکان نہیں ہے اور تاحال عمرہ پیکجز دو لاکھ سے ہی شروع ہو رہے ہیں۔‘
عامر مشتاق کے خیال میں آئندہ چند ماہ میں عمرہ زائرین کا رش معمول پر آجائے گا لیکن ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور ہوابازی کے شعبے کو ہونے والے نقصان کے باعث اب پیکجز کم و بیش یہی رہیں گے۔

شیئر: