Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سرکٹ‘ احمقانہ کردار تھا سنجے دت کی وجہ سے کیا: ارشد وارثی

ارشد وارثی نے اکشے کمار کے ساتھ سنہ 2002 میں فلم ’جانی دشمن‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ (فائل فوٹو: ارشد وارثی انسٹاگرام)
کردار فلم ’سحر‘ کے ایماندار پولیس افسر کا ہو یا ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے سرکٹ یا ’جولی ایل ایل بی‘ کے جولی کا، اداکار ارشد وارثی نے اپنے ان یادگار کرداروں سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔
ارشد وارثی جو آخری بار ویب شو ’آسور‘ میں نظر آئے تھے، 20 سال کے وقفے کے بعد اکشے کمار کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
دونوں نے سنہ 2002 میں فلم ’جانی دشمن‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ تاہم ارشد ’بچن پانڈے‘ کو اکشے کمار کے ساتھ اپنے پہلے پروجیکٹ کے طور پر شمار کرنا چاہتے ہیں۔
اخبار انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’وہ ایک مختلف سینما تھا۔ یہ ایک اور کہانی ہے۔ میں سوچنا چاہوں گا کہ میں نے اس سے پہلے ان کے ساتھ کام نہیں کیا اور یہ میرا پہلا موقع ہے۔‘
اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میں واقعی انہیں پسند کرتا ہوں۔ میں نے اس کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا، لیکن ہمیشہ دوسرے لوگوں سے سنا تھا۔ جب آپ ان سے ذاتی طور پر ملتے ہیں اور ان کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، تب ہی آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعی وہ شخص ہے۔ وہ واقعی ایک اچھے آدمی ہیں، صاف دل والے ایک اچھے انسان ہیں، یہ بہت اہم ہے۔‘
ارشد وارثی نے  بتایا کہ ان کے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہوتا ہے کہ فلم کا مرکزی اداکار کون ہے۔
’میں نے منا بھائی اس لیے کی کہ یہ سنجو (سنجے دت) تھے، ورنہ راجو (فلم ساز راجکمار ہیرانی) بھی جانتے ہیں کہ یہ ایک احمقانہ کردار ہے۔ یہاں تک کہ مکرند دیش پانڈے نے بھی سرکٹ کے کردار کے لیے نہ کر دی تھی۔‘

شیئر: