Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار کا یوٹیوبر پر 500 کروڑ انڈین روپے ہرجانے کا دعویٰ

اکشے کمار نے راشد صدیقی سے غیر مشروت معافی طلب کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں بہار کے ایک یوٹیوبر نے بالی وڈ سٹار اکشے کمار پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اداکارہ ریا چکروتی کی کینیڈا فرار ہونے میں مدد کی۔ اس پر اکشے کمار نے یوٹیوبر کو 500 کروڑ انڈین روپے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اکشے کمار نے آئی سی لیگل نام کی لا فرم کے ذریعے 17 نومبر کو قانونی نوٹس جاری کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ راشد صدیقی نامی شخص نے اپنے یوٹیوب چینل ایف ایف نیوز پر ان کے خلاف توہین آمیز ویڈیوز بنائی ہیں۔
اکشے کمار نے راشد صدیقی سے غیر مشروت معافی طلب کی ہے اور ان سے اپنے چینل سے نامناسب ویڈیوز ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیوبر راشد صدیقی پر ممبئی پولیس نے بھی ہتک عزت سے متعلق ایک کیس پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
لا فرم کا کہنا ہے کہ ان کے کلائنٹ اکشے کمار کے مطابق انہیں راشد صدیقی کی توہین آمیز ویڈیوز کے وجہ سے ذہنی دباؤ کا سامنا رہا اور ان کی ساکھ پر بھی متاثر ہوئی، جس کے لیے انہوں نے 500 کروڑ انڈین روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
نوٹس کے مطابق مذکورہ ویڈیوز میں اکشے کمار کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ ریا چکروتی کو کینیڈا جانے میں مدد فراہم کی اور یہ بھی کہ ان کی مہاراشٹر کے وزیر آدتیا ٹھاکرے اور ممبئی پولیس کمشنر سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق خفیہ ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔
لا فرم نے نوٹس میں لکھا ہے کہ مذکورہ ویڈیوز جھوٹی اور بے بنیاد ہیں اور انہیں عوام کو دھوکہ دینے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں ملے تھے۔ اس کے بعد ان کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم وہ اب ضمانت پر ہیں۔
ممبئی پولیس نے اس کے علاوہ جو کیس راشد صدیقی کے خلاف درج کیا ہے وہ ممبئی پولیس، مہاراشٹر حکومت اور وزیر آدتیا ٹھاکرے کے خلاف توہین آمیز الزامات لگانے سے متعلق ہے۔

شیئر: