Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن کے لیے بین الاقوامی امدادی پروگرام میں سعودی عرب کا حصہ 19 بلین ڈالر

رقم انسانی اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے خرچ کی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ نے کہا  ہے کہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں بین الاقوامی یمنی امدادی پروگرام میں 19 بلین ڈالر سے زیادہ کی رقم جمع کی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ یہ رقم جنگ زدہ ملک میں انسانی اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے خرچ کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اقوام متحدہ کے ایک ورچوئل اجلاس کے دوران خطاب کر رہے تھے۔
اس اجلاس کی مشترکہ میزبانی سویڈن اور سوئٹزرلینڈ نے کی تھی جس کا مقصد یمن میں انسانی بحران کے لیے امداد جمع کرنا تھا۔
تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، سوئس کنفیڈریشن کے صدر اگنازیو کیسس، سویڈن کی وزیر خارجہ این لنڈی، اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے انسانی امور اور ہنگامی امداد کے کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس اور اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الوصیل نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے مملکت کی جانب سے ڈونر کانفرنس کے انعقاد پر اقوام متحدہ، سوئٹزرلینڈ اور سویڈن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یمن ایک بڑے انسانی بحران کا سامنا کر رہا ہے جو کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی ’دہشت گرد‘ کارروائیوں کی وجہ سے بدتر ہو گیا ہے اور جس سے پڑوسی ممالک کی سلامتی کو خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے لیے بین الاقوامی برادری کی جانب سے برادر یمنی عوام کی حفاظت اور ایسے پائیدارحل تک پہنچنے کی ضرورت ہے جو یمن اور اس کے عوام کی سلامتی، استحکام اور ترقی کا باعث ہو۔‘
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ’ سعودی عرب (اقوام متحدہ) کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2624 (2022) کی منظوری کو سراہتا ہے جس میں حوثی گروپ کو دہشت گرد گروپ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ مملکت یمن کی صورت حال کے پائیدار سیاسی حل تک پہنچنے اور ملک کے اتحاد اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی سپورٹ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کرامدادی اور انسانی ہمدردی کے پروگراموں کے ذریعے یمن کی سپورٹ جاری رکھے گا۔

شیئر: