Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک ریجن کے زیر تعمیر انڈر پاس میں دو بچے ڈوب کر ہلاک، تحقیقات کا حکم

پبلک پراسیکیوٹر نے تحقیقات کے لیے سپیشل ٹیم قائم کی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوٹر نے تبوک ریجن کے ایک زیر تعمیر انڈر پاس میں بچوں کے ڈوبنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے سپیشل ٹیم قائم کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق زیر تعمیرانڈر پاس میں بچوں کے گرکر ڈوب جانے کے واقعے پر پورا علاقہ سوگوار ہے۔
پبلک پراسیکیوٹر نے خصوصی  ٹیم کو انڈر پاس میں بچوں کے گرنے کے اسباب اور اس واقعے سے متعلق تمام امور ریکارڈ پر لانے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔
پبلک پراسیکیوٹر نے خصوصی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات پربھی سنجیدگی سے غور کرے کہ آیا بچوں کے ڈوبنے کے واقعہ پر متعلقہ افراد کے خلاف فوجداری کیس دائر کیا جاسکتا ہے۔ اس بات کا جائزہ بچوں کے تحفظ کے  قانون اور انہیں تشدد سے بچانے کے قانون کے تناظر میں لیا جائے۔ 
دوسری جانب گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان نے بھی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو تبوک میونسپلٹی، شہری دفاع اور وزاگرت افرادی قوت و سماجی بہبود کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔ کمیٹی کو  قوانین و ضوابط کے مطابق کارروائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ 
یاد رہے کہ پیر کی صبح زیر تعمیر انڈر پاس میں دو بچے گر کر ڈوب گئے تھے۔
محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے ایک بچے کی میت ڈوبنے کے چند گھنٹے بعد ہی انڈر پاس سے برآمد کرلی۔ اطلاعات یہ ہیں کہ دوسرے بچے کی نعش بھی نکال لی گئی ہے۔

شیئر: