Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں قبل از وقت انتخابات ہوسکتے ہیں: شیخ رشید

شیخ رشید کے مطابق فوج اور عدلیہ کے خلاف کام نہیں ہونے دیں گے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فوج اور عدلیہ کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف فی الفور کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’غیرملکی ایجنڈے کے تحت سوشل میڈیا پر فوج اور عدلیہ کے خلاف کام میرے دور میں نہیں ہو گا، اس کو سختی سے کچل دوں گا۔‘
 وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں لیکن خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔
زیراعظم کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد بننے والی صورت حال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہمارے ناراض بندے ان کے پاس ہیں تو ان کے بندے ہمارے پاس بھی ہیں، جو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے لانگ مارچ کے حوالے سے مطلع نہیں کیا گیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ آج کے بعد آپ اچھی خبریں سنیں گے، امید ہے حالات روز بہتری کی طرف جائیں گے۔
’مسلم لیگ ن کی قیادت بتائے کہ ان کا کیا پروگرام ہے اور وہ کیا چاہتی ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’اگر کوئی شرارت ہو گئی تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہو گی۔‘
وزیر داخلہ نے ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کے مطابق ’اپوزیشن اپنے بچھائے جال میں خود پھنس گئی ہے۔‘
شیخ رشید نے کسی کا نام لیے بغیر کہا جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہے تو ایسا نہیں ہے۔
حکومت کے اتحادیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان سے امید ہے وہ حکومت کا ساتھ دیں گے اور دو تین روز میں فیصلہ کر لیں گے۔
ان کے بقول’اتحادی ہمیشہ دیر سے فیصلہ کرتے ہیں۔‘
وزیر داخلہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’جو نسلی اور اصلی ہے وہ ملک کے ساتھ ہے۔ فیصلے کے بعد اس پر قائم رہنا چاہیے۔‘
’جو اپوزیشن کے ساتھ قائم ہیں ان پر بھی خوش ہوں کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔‘
شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان سے متعلق تمام افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی کہیں نہیں جا رہا۔
’ابھی عثمان بزدار سے مل کر آیا ہوں، وہ بھی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

شیئر: