Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کھلاڑیوں کی نقل اتارتے ڈیوڈ وارنر شائقین کی خصوصی توجہ کا مرکز

آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیتی ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
آسٹریلیا نے لاہور ٹیسٹ میں فتح حاصل کر کے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اپنے نام کی تو جہاں کامیابی پر پوری ٹیم کو سراہا گیا وہیں ڈیوڈ وارنر کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں خصوصا حسن علی کے آؤٹ ہونے پر سیلبریشن کا انداز ایک مرتبہ پھر انہیں گفتگو کا موضوع بنا گیا۔
24 برس بعد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران کھیلے گئے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے تھے۔
لاہور میں کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ میچ جمعہ کو آسٹریلوی ٹیم کی فتح کے ساتھ ختم ہوا تو پہلے بھی اپنی منفرد حرکتوں کی وجہ سے کرکٹ فینز کی توجہ کا مرکز رہنے والے ڈیوڈ وارنر ایک مرتبہ پھر شائقین کی گفتگو کا مرکز رہے۔
پاکستانی بیٹنگ کے دوران انہوں نے حسن علی کے آؤٹ ہونے پر ان کی سلیبریشن کا مخصوص انداز ’جنریٹر سیلبریشن‘ اپنایا تو یہ مناظر سوشل ٹائم لائنز پر بہت زیادہ شیئر کیے گئے۔
ڈیوڈ وارنر یہیں تک محدود نہیں رہے بلکہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے وکٹ لینے کے بعد اسے سیلبریٹ کرنے کے مخصوص انداز کی کاپی بھی کی۔

کھیل کے دوران شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ وانر کو آمنے سامنے دیکھنے والوں کو دونوں کھلاڑی ایک دوسرے پر غصہ کرتے دکھائی دیے تو ان کی ایک ساتھ بننے والی تصاویر شیئر کرنے والے دونوں کے باہمی تعلق کی تعریف بھی کرتے رہے۔

کرکٹ فینز نے ڈیوڈ وارنر کی جانب سے حسن علی کے انداز کی نقل کرنے کو تفریح کا موقع جانا تو اس سے خوب محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی فٹنس کے قائل بھی دکھائی دیے۔

ایک ٹویپ نے انہیں واحد ایتھلیٹ قرار دیا جو حسن علی کے سیلبریشن کا انداز اپنانے کے باوجود انجرڈ ہونے سے محفوظ رہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے باہمی رویے کو مثبت قرار دینے والے صارفین نے ایسا کرنے پر تمام کھلاڑیوں کو خوب سراہا۔
ایسی ہی ایک اور ویڈیو میں ڈیوڈ وارنر پاکستانی و آسٹریلوی کھلاڑیوں کے درمیان بیٹنگ کے انداز کو کاپی کرتے دکھائے گئے۔
گراؤنڈ کے اندر اور ڈریسنگ روم میں ڈیوڈ وارنر کی دلچسپ حرکتوں سے دیکھنے والے ہی نہیں بلکہ وہ خود بھی خوب محظوظ ہوئے۔
پاکستانی بیٹر ساجد خان کی بیٹنگ کے انداز کی نقل کرتے ہوئے بننے والی مختصر ویڈیو کو آسٹریلوی کھلاڑی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ لاہور ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کا منفرد انداز شائقین کو توجہ کا مرکز ٹھہرا ہے۔ کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں میں بھی کینگروز اوپنر کا ڈانس اور ہتھوڑے سے پچ کوٹنے کا عمل بھی خوب دلچسپی سے دیکھا گیا تھا۔

شیئر: