Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’آئی لو پاکستان‘ کا غبارہ، پولیس تحقیق میں مصروف

غبارہ نما پلاسٹک کی تھیلی پر عید مبارک کا پیغام بھی درج ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں ’آئی لو پاکستان‘ لکھے ایک غبارے کو مقامی پولیس نے ’کسی کی شرارت‘ قرار دیا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق جالندھر کے علاقے ادمپور کے خوردپور گاؤں سے ملنے والے غبارے پر ’آئی لو پاکستان‘ کی تحریر نمایاں ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں واضح ہے کہ غبارہ نما پلاسٹک کی تھیلی پر ’عید مبارک‘ کا پیغام بھی درج ہے۔

مقامی پولیس کے ایس ایچ او ہرجیندر سنگھ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ہم معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ کسی کی شرارت لگتی ہے کیونکہ پاکستان سے اڑ کر اس کا یہاں پہنچنا ناممکن ہے۔‘
پاکستانی جھنڈے، مینار پاکستان اور نعروں سے مزین غبارہ ملنے کے واقعے پر تبصرہ کرنے والے انڈین صارفین میں سے کچھ کا کہنا تھا کہ ’ہم میزائل بھیجتے ہیں اور وہ غبارے، اپنا اپنا لیول ہے۔‘
غبارہ کہاں سے آیا اور کیوں آیا؟ کے سوالوں کے اردگرد ہونے والی گفتگو آگے بڑھی تو کچھ صارفین معاملے کو ریاست میں بننے والی نئی حکومت کے مختلف ایجنڈے سے تعبیر کرنے لگے۔

ایسے ہی ایک ٹویپ نے سوال کیا کہ پنجاب پولیس معاملے کو ہلکا کیوں لے رہی ہے؟ کیا وہ اب عام آدمی پارٹی کی نئی حکومت کی وجہ سے ملک کی جغرافیائی سلامتی سے متعلق معاملے پر سستی دکھائیں گے؟

کچھ عرصہ قبل ’پاکستانی حدود میں گرنے والے انڈین میزائل‘ کی یاد تازہ کرتے ہوئے ایک پاکستانی صارف نے لکھا کہ ’پریشان نہ ہوں یہ صرف غبارہ ہے، کام چھوڑ دینے والا میزائل نہیں ہے۔‘

شیئر: