Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کرکٹ بورڈ خواتین پریمیٸر لیگ لانچ کرے گا

خواتین آئی پی ایل پانچ سے چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل انڈین پریمیئر لیگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے آغاز کا ارادہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے صدر سوروو گنگولی نے صحافیوں کو بتایا کہ خواتین پریمیئر لیگ کے میچز آئندہ سال شروع کرنے کا ارادہ ہے تاہم حتمی فیصلہ سالانہ جنرل اجلاس میں کیا جائے گا۔
انڈین پریمیئر لیگ ’آئی پی ایل‘ کے چیئر مین برجیش پٹیل نے کہا کہ خواتین لیگ کو لانچ کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ پانچ سے چھ خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل ہو سکتی ہیں۔
بی سی سی آئی کے تحت سال 2018 سے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی چیلنچ منعقد ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ مرد کھلاڑیوں کے آئی پی ایل کے پندرہویں سیزن کا آغاز ممبئی میں سنیچر سے ہو گیا ہے۔
جمعے کو ممبئی میں آئی پی ایل کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں چند اہم فیصلے کیے گئے تھے جس میں آئندہ پانچ سالوں کے دوران مرد کھلاڑیوں کے سیزن کے لیے میڈیا رائٹس سے متعلق بھی معاملات زیر غور آئے۔
ماضی کے مقابلے میں اس مرتبہ ڈیجیٹل، ٹی وی اور باقی دنیا میں میچز دکھانے کی غرض سے نشریاتی حقوق کے لیے علیحدہ علیحدہ درخواستیں طلب کی جائیں گی۔
اس سے قبل سٹار انڈیا نے پانچ برس کے لیے سال 2022 تک ٹی وی اور ڈیجیٹل نشریاتی حقوق 2.55 ارب ڈالر کے عوض حاصل کیے تھے۔
جبکہ اس مرتبہ نشریاتی حقوق حاصل کرنے کی مجموعی قیمت چار ارب ڈالر کے قریب رکھی گئی ہے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس اور گجرات ٹائٹنز کے بعد آئی پی ایل میں شامل ٹیموں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ اس سال آئی پی ایل کے تحت 74 میچز منعقد ہوں گے جو بی سی سی آئی کے لیے بھی آمدنی کا بڑا ذریعہ ہیں۔
کورونا کی عالمی وبا سے قبل ہر سال آئی پی ایل میچز سے 11 ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی تھی۔

شیئر: