Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وومن ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی عمدہ بولنگ، پاکستان کو 71 رنز سے شکست

نیوزی لینڈ کی جانب سے حَنا رووئے نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی وومن ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی۔
سنیچر کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں 266 رنز کے تعاقب میں پاکستانی وومن کرکٹ ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 194 رنز بناسکی۔
266 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے منیبہ علی اور سدرہ امین نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سدرہ صرف 14 رنز بنا کر فرانسس میکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔
ان کے بعد منیبہ علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں اور 29 رنز بنا کر روزمیری میئر کی گیند پر کیچ تھما بیٹھیں۔
تیسرے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی عمیمہ سہیل تھیں جو صرف 14 رنز بنا کر میکے کا ہی شکار بنیں۔
اس کے بعد کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے اننگز کو کچھ سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد بسمہ 38 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہو گئیں۔
بسمہ معروف کے بعد کوئی اور بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں۔ صرف 19 رنز کے اضافے کے ساتھ پاکستان کی پانچ وکٹیں گریں۔ ندا ڈار 50 رنز بنا کر بولڈ ہوگئیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے حَنا رووئے نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور نیوزی لینڈ نے اوپنر سوزی بیٹس کے شاندار 126 رنز کی بدولت 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار کی عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ویمن کرکٹ ورلڈ کپس میں مسلسل 18 میچ ہارنے والی پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا پہلا میچ جیتا تھا۔

شیئر: