Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا 34 ممالک میں افطار پروگرام کا منصوبہ

اس امدادی منصوبے سے تقریباً 1.2 ملین روزہ دار مستفید ہو سکیں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی جانب سے دنیا بھر کے 34 ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے افطار پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی واس کے مطابق اس پروگرام کا مقصد 2 اپریل سے شروع ہونے والے رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں کے لیےافطار کا کھانا فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے سے تقریباً 1.2 ملین روزہ دار مستفید ہو سکیں گے۔
وزارت اسلامی امور، دعوۃ و رہنمائی نے اس پروگرام  پر عملدرآمد کے لیے  تمام براعظموں تک پہنچنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ان ممالک میں قائم سعودی سفارت خانوں اور وزارت کے اسلامی مراکز کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
اسلامی امور، دعوۃ و رہنمائی کے وزیر شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے ماہ مقدس کے دوران اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کرنے والے ایسے خیراتی منصوبوں کے قیام کے لیے سعودی قیادت کی حمایت پر نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اسلامی امور نے مزید کہا ہے کہ جن ممالک کے لیے اس امدادی پروگرام   کا اعلان کیا گیا ہے  وہاں کے قوانین اور  ضوابط کے مطابق اس منصوبے کو  نافذ کیا جائے گا۔

گذشتہ سال کورونا کے باعث یہ سہولت صرف 16 ممالک کو مہیا ہو سکی تھی۔ فوٹو ٹوئٹر

واضح رہے کہ گذشتہ سال عالمی وبا کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اورصحت کے ضوابط کی وجہ سے سعودی عرب اپنے اس افطار پروگرام کی سہولیات صرف 16 ممالک کو فراہم کر سکا تھا۔
سعودی عرب سال رواں اس پروگرام سے مستفید ہونے والے ممالک میں احتیاطی تدابیر کو اولین ترجیح دے گا۔
 

شیئر: