Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دومۃ الجندل کے تاریخی مقامات جہاں سیاح کھنچے چلے آتے ہیں

دومۃ الجندل کمشنری کا ایک امتیاز دومتہ الجندل جھیل ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کےالجوف ریجن کی کمشنری دومۃ الجندل پر کشش ماحول، شاندار تاریخ اور منفرد خصوصیات کے باعث سیاحوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سرکاری خبررساں ایس پی اے کے مطابق دومۃ الجندل مختلف سیاحتی مقامات سے مالامال ہے۔ ان میں سے ہرایک اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔
یہاں کے ساحلی اور تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتے ہیں۔ الجوف میں کھجوروں کا فیسٹول بھی مملکت ہی نہیں پورے علاقے میں مشہور ہے۔  
اس کمشنری کا ایک امتیاز دومۃ الجندل جھیل ہے۔ یہ مملکت کی بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے۔ اس کے ساحل سبزہ زاروں سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ سحر آفریں ساحلی مقامات کی سیر اور سمندری سپورٹس کا اپنا مزہ ہے۔

تاریخی حوالوں سے بھی دومتہ الجندل اپنی خاص پہچان رکھتا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

تاریخی حوالوں سے بھی دومۃ الجندل اپنی ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔ یہاں عظیم مارد قلعہ، مسجد عمر بن خطاب، الدرع تاریخی محلہ، دومتہ الجندل فصیل قابل دید ہیں۔
 الجوف عجائب گھرمیں پورے خطے کی تاریخ ایک چھت تلے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ عجائب گھر دیکھنے والے یہ جان کر خوشی محسوس کرتے ہیں کہ الشویحطیہ میں دنیا کی قدیم ترین بستی آباد تھی۔
اسلامی دور تک کی تاریخ انہیں عجائب گھر میں دیکھنے کو ملتی ہے۔ عمر بن خطاب مسجد کا مینارہ بھی عجائب گھر میں سجا ہوا ہے جسے اسلامی تاریخ کے قدیم ترین مینارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہاں کے ساحلی اور تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتے ہیں(فوٹو: ایس پی اے)

دومۃ الجندل کی سیاحت کےلیے آنے والے یہاں کھجوروں کے خاص ماحول سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں، یہاں بڑی تعداد میں نخلستان موجود ہیں۔ زیتون کے باغات بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں کھلے ماحول میں خوبصورت وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔  
دومۃ الجندل میں پون چکی بھی ہے جو سعودی وژن 2030 کی ایک مثال ہے۔ یہ ہوا سے بجلی تیارکرنے والا اپنی نوعیت کا منفرد عالمی منصوبہ ہے۔

شیئر: