Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں: وزیرِاعظم کی نوجوانوں کو کال

وزیراعظم عمران خان نے سنیچر کو عوام سے براہ راست ٹیلی فونک گفتگو سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، سازش کے خلاف احتجاج کریں۔‘
سنیچر کو پروگرام ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کے مستقبل کی جنگ ہے، اپنے ملک کے لیے آپ کو لڑنا ہوگا۔ اگر آپ چپ کر کے بیٹھیں گے تو برائی کا ساتھ دیں گے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’نوجوانوں کو بیرونی سازش کے خلاف پرامن احتجاج کرنا چاہیے، قوم کے نوجوانوں کو قوم کی غیرت کے لیے کھڑا ہونا ہے۔ احتجاج کرنا آپ کا حق ہے۔‘
وزیراعظم کے بقول ’قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ تباہی کے راستے پر جانا ہے یا عظمت کے راستے پر جانا ہے، عظمت کی راہ میں مشکلات آتی ہیں۔‘
بعد ازاں عوام کے سوالوں کا براہ راست جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’آپ کو آج اور کل اپنے ضمیر کی آواز پر سڑکوں پر نکل کر پُرامن احتجاج کرنا چاہیے، کل سب دیکھیں گے کہ میں اپوزشین کا کیسے مقابلہ کروں گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آج فیصلہ کریں گے کہ سازشیوں کے خلاف کیا قانونی کارروائی کرنی ہے۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ہمیں پاکستان کی فوج پر فخر ہے، فوج اور تحریک انصاف نے ملک کو یکجا کیا ہوا ہے۔ چاہتا ہوں کہ ہماری فوج پر کسی قسم کی تنقید نہ کی جائے۔‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ہماری فوج پر کسی قسم کی تنقید نہ کی جائے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

ان کا کہنا تھا کہ ’ان کی کوشش ہے کہ کسی طرح قوم کو فوج سے متنفر کردیں۔ اب سوشل میڈیا کا زمانہ ہے سب کو سمجھ آرہی ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’فوج نے کہا کہ ہم نیوٹرل ہیں سیاست میں نہیں پڑنا چاہتے ہم ان کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔‘
’قوم فکر نہ کرے، کل ہم جیتیں گے‘
وزیراعظم نے بتایا کہ ’منصوبہ بنایا ہوا ہے، قوم فکر نہ کرے اسمبلی میں ان کو شکست دے کر دکھاؤں گا۔‘ انہوں نے کہا کہ ’میں آپ کو کل خوش خبری دوں گا، منحرف ارکان اب ڈر رہے ہیں۔‘
امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے عمران خان نے واضح کیا کہ ’میں کبھی اینٹی امریکہ نہیں رہا، سپر پاور ہو یا کوئی اور قوم کے مفادات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔‘
’اپوزیشن نے امریکہ سے مل کر سازش کی ہے۔ تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہوں لیکن 22 کروڑ عوام کے مفادات پر کسی خارجہ پالیسی کا حصہ نہیں بنوں گا۔‘

عمران خان نے بتایا کہ نے بتایا کہ ’آج فیصلہ کریں گے کہ سازشیوں کے خلاف کیا قانونی کارروائی کرنی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

عمران خان نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک کہتا ہے بھکاری فیصلہ نہیں کرسکتے، دوسرا کہتا ہے کہ لائف سپورٹ مشین پر ہیں مر جائیں گے۔ اگر ایسے زندہ رہنا ہے تو بہتر ہے مر جائیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے تو ساری زندگی ملک کے لیے جدوجہد کی، اپنی ذات کے لیے جدوجہد کی ہوتی تو فیکٹریاں بنا رہا ہوتا۔‘
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’قوم کبھی بھی ان چوروں کو اقتدار میں واپس نہیں آنے دے گی، خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج دیکھ کر منحرف ارکان اسمبلی کو خوف آگیا ہے کہ ن لیگ کا ٹکٹ لے کر نہیں جیت سکتے۔‘

’اچکن سلوانے کو پتہ نہیں کہ کیا ہونے والا ہے‘

سنچیر کو وزیراعظم ہاؤس میں اتحادیوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے کے ذہن میں یہ بات نہیں کہ کل ہم ہار رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’کپتان ان چیزوں کا ماہر ہے، جانے کل کیا کر دے۔‘
عمران خان نے اپوزیشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی اتنی ٹریننگ نہیں، جتنی میری ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جس سے اچکن سلوائی، اسے نہیں پتہ کہ کل کیا ہونے والا ہے۔‘ (ٖفوٹو: اے ایف پی)

عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ کتنے بڑے پیمانے پر ہمارے خلاف سازش ہوئی۔
’امریکہ کے ساتھ مل کر سازش رچائی گئی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اپنا ضمیر بیچا ان کی شکلیں سوشل میڈیا پر گھوم رہی ہیں، شکر ہے کہ یہ لوگ ہم سے الگ ہو گئے۔
عمران خان نے بتایا کہ ن لیگ کے لوگ ان کو پیغامات بھجوا رہے ہیں کہ ان کو گھروں میں مشکل پڑ گئی ہے، ان کے بیوی بچے خلاف ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’جس سے اچکن سلوائی، اسے نہیں پتہ کہ کل کیا ہونے والا ہے۔‘
عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ  کوشش کے باوجود چوروں کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

شیئر: