Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی: پاکستان بحریہ کے جہازوں کی مشترکہ مشقوں میں شرکت

پاکستان نیوی کے جہازوں نے مشترکہ مشقوں میں بھی حصہ لیا (فوٹو: پاکستان نیوی)
پاکستان کی بحریہ کے جہازوں شمشیر، عظمت اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کی پیٹرولنگ کشتی کولاچی نے ابوظبی میں یو اے ای کی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستانی بحریہ کے جہاز سنیچر کو ابوظبی کی بندرگاہ پہنچے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی نیویز کے درمیان دہائیوں سے گہرے روابط ہیں اور مل کر تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ افرادی قوت اور بحری بیڑے کے ذریعے بھی ایک دوسرے سے تعاون کیا جاتا ہے۔
پاکستان بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابوظبی بندرگاہ پہنچنے پر پاکستانی بحریہ کے مشن کمانڈر اور اور کمانڈنگ آفیسرز نے متحدہ عرب امارات کی نیوی اور کوسٹ گارڈ کمانڈرز اور دیگر حکام سے اہم ملاقات بھی کی۔
بیان کے مطابق ’ملاقات میں میری ٹائم اور پیشہ ورانہ امور کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’پاکستانی جہازوں نے یو اے ای کی بحریہ کے ہمراہ مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا، اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔‘
فروری میں پاکستان کی بحریہ کے بیڑے نے بھی ابوظبی کا دورہ کیا تھا جس میں طارق اور ہمت نامی جہاز شامل تھے اور بین الاقوامی دفاعی نمائش میں شرکت کی۔

شیئر: