Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر ثقافت کا دورہ انڈیا، بالی وڈ سٹارز سے ملاقاتیں

شہزادہ بدر سعودی فلم اتھارٹی مینجمنٹ کے سربراہ بھی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیرثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے انڈیا کے تین روزہ دورے کے دوران ممبئی میں بالی وڈ کے ستاروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
یاد رہے کہ شہزادہ بدر سعودی فلم اتھارٹی مینجمنٹ کے سربراہ بھی ہیں۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر ثقافت کے ہمراہ فلم اتھارٹی مینجمنٹ اور متعدد سعودی کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل وفد بھی تھا۔
دورے کا مقصد انڈیا کی فلمی صنعت کے ساتھ تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا اور اس حوالے سے تعاون کی راہیں تلاش کرنا اور انہیں فروغ دینا ہے۔

 مملکت میں انڈین فلموں کی عکسبندی کا موضوع بھی اٹھایا گیا ہے(فوٹو ایس پی اے)

وزیر ثقافت نےانڈین فلم سازوں، ہدایت کاروں اور حکام سے فلمی صنعت کے ساتھ تعاون کے فروغ کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے۔ 
 مملکت میں انڈین فلموں کی عکسبندی کے لیے ترغیبات اور سہولتوں کا موضوع بھی اٹھایا گیا ہے۔  
سعودی وزیر ثقافت نے انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹول کی اہمیت اور انڈین فلم سازوں کا فیسٹول میں خیرمقدم کیے جانے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی ہے۔
شہزادہ بدر بن عبداللہ نے کہا کہ’ ایسے عالم میں جبکہ پوری دنیا مختلف حوالوں سے رابطوں، رشتوں میں جڑ رہی ہے۔ انڈیا کا دورہ فلمی صنعت میں سعودی عرب کی حیثیت کو بہتر بنانے کی ایک کوشش تھی‘۔  

انٹرنیشنل ریڈ سی فلم فیسٹول کی اہمیت پر بھی بات چیت کی ہے( فوٹو ایس پی اے)

سعودی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ ضروری ہو گیا ہے کہ ’پوری دنیا کے ساتھ ثقافتی تعاون مضبوط بنایاجائے۔ فلم اس حوالے سے مضبوط ذریعہ ہے۔ یہ معیشت کو بڑھاوا دینے میں بھی بڑی اہمیت رکھتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کے دورے سے مملکت میں ابھرتی ہوئی فلمی صنعت کے رشتے مضبوط ہوئے ہیں۔ کوشش تھی کہ بولی ووڈ کے ساتھ شراکت کے مزید مواقع دریافت ہوں تاکہ سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کیے جا سکیں‘۔
فلم اتھارٹی مینجمنٹ کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبداللہ القحطانی نے کہا کہ ’ابھرتے ہوئے ستاروں، عمدہ بنیادی ڈھانچے اور عروج پذیر ماحول کے تناظر میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ سعودیعرب دنیا بھر کے فلم سازوں کےلیے پرکشش مقام بن رہا ہے۔ امید ہے باہمی تعاون سے مملکت میں فلمی سیکٹر کو مزید عروج ملے گا‘۔    

شیئر: