Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی امریکن گلوکارہ عروج آفتاب نے گریمی ایوارڈ جیت لیا

عروج آفتاب کی گلوکاری میں صوفی ازم اور جاز کا امتزاج ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں مقیم پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب نے اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے گریمی ایوارڈ جیت لیا ہے۔
پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ کو یہ ایوارڈ اتوار کو بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کی کیٹگری میں اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے دیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ سال نومبر میں پاکستانی نژاد گلوکارہ کو 64ویں گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
37 برس کی گلوکارہ تقریباً 15 برس سے نیویارک میں مقیم ہے، اپنے کام کے حوالے سے وہ عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔ عروج آفتاب کی گلوکاری میں صوفی ازم اور جاز کا امتزاج ہے۔
عروج آفتاب نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’میں بہت زیادہ پُرجوش ہوں، مجھے زبردست محسوس ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں سارا دن بہت زیادہ نروس تھی۔ ہم ایک اچھا آغاز کرنے والے ہیں۔‘

بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کی کیٹگری میں عروج آفتاب کا گانا ’محبت‘ چنا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

عروج آفتاب سعودی عرب میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنا بچپن لاہور میں گزارا۔ 
انہوں نے موسیقی کی تعلیم امریکی شہر بوسٹن میں واقع ’برکلے کالج آف میوزک‘ سے حاصل کی۔ عروج آفتاب کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے 90 اور سنہ 2000ء کی دہائی میں اپنی موسیقی کو انٹرنیٹ پر پروموٹ کیا۔
سابق امریکی صدر باراک اوباما بھی ان کے فین ہیں۔ انہوں نے عروج آفتاب کا گانا ’محبت‘ اپنے 2021 سمر پلے لسٹ میں شامل کیا تھا۔

شیئر: